کیرالہ کے بعد ہماچل پر ’نیپاہ‘ کا خطرہ! درخت سے مردہ چمگادڑ برآمد

ہماچل پردیش کے ناہن علاقہ میں درخت سے مردہ چمگادڑ برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی، اطلاع پر انتظامی افسر موقع پر پہنچے اور نمونے جانچ کے لئے بھجوا دئیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیپاہ وائرس کا خطرہ پورے ملک پر منڈلا نے لگا ہے۔ کیرالہ میں اب تک اس وائرس سے 10 سے زیادہ افراد کی جان جا چکی ہے اور تقریباً 15 افراد زیر علاج ہیں۔ اسی بیچ ہماچل پردیش پر بھی نیپاہ وائرس کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ہماچل پردیش کے ناہن میں برما پاپڑی سینئر سیکنڈری اسکول کے احاطہ میں لگے درخت سے درجنوں چمگادڑ مردہ حالت میں برآمد ہوئے۔ اس درخت پر برسوں سے چمگادڑ رہتے آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیرالہ: پراسرار بخار سے 16 لوگ ہلاک، 3 میں ’نیپاہ وائرس‘ کی تصدیق

درخت سے مرے ہوئے چمگادڑ برآمد ہونے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر انتظامی افسران بھی موقع پر پہنچے اور مردہ چمگادڑوں کے نمونے لے کر جانچ کے لئے تجربہ گاہ بھجوا دیئے۔ ساتھ ہی انتظامیہ نے نیپاہ وائرس کے حوالے سے احتیاط برتنے کی بھی صلاح دی ہے۔ حالانکہ اتنی تعداد میں چمگادڑوں کی موت کیوں ہوئی اس کا پتہ بعد میں چل پائے گا۔

محکمہ جنگلات نے نیپاہ وائرس کے خطرے سے انکار کر دیا ہے۔ محکمہ کے ڈی سی للت جین نے کہا کہ چمگادڑوں کے مرنے سے کسی بھی طرح کا انفیکشن پھیلنے کا کوئی امکان نظر نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسا کہا جا رہا ہے کہ گرمی کی وجہ سے چمگادڑوں کی جان گئی۔

اس سے قبل کیرالہ کے کوزیکوڈ علاقہ میں ایک کوئیں سے مرے ہوئے چمگادڑ برآمد ہوئے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ مرنے والے چمگادڑ نیپاہ وائرس سے متاثر تھے، انہیں کی وجہ سے کیرالہ میں نیپاہ وائرس پھیل گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ہماچل پردیش میں مرے ہوئے چمگادڑ برآمد ہونے سے لوگ خوفزدہ ہو گئے۔

حکومت نے کیرالہ کے علاقے اور دیگر 5 ریاستوں تلنگانہ، گوا، راجستھان، گجرات اور جموں و کشمیر کو نیپاہ وائرس کو لے کر احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے اور الرٹ بھی جاری کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔