کورونا کا خوف! گجرات میں داخلہ کے لئے رپورٹ ضروری، دہلی میں تقریبات میں مہمانوں کی تعداد مقرر

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 6 ریاستوں میں کورونا کے یومیہ معاملوں میں تیزی نظر آ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے معاملوں کا 79.57 فیصد انہی ریاستوں سے ہے

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا کی ٹیکہ کاری کا بھی اس پر کوئی اثر نظر نہیں آ رہا ہے۔ بڑھتے معاملوں کے پیش نظر متعدد ریاستوں میں کئی طرح کی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ مہاراشٹر میں کورونا کی رفتار بے قابو ہو چکی ہے، وہیں قومی راجدھانی دہلی میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

مہاراشٹر میں آج سے نائٹ کرفیو نافذ کر دیا گیا، وہیں دہلی میں تقریبات کے لئے مہمانوں کی تعداد طے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش میں اتوار کے روز کے مکمل لاک ڈاؤن کا دائرہ بڑھا کر 12 شہروں تک کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ہفتہ کے روز ملک بھر میں 62258 نئے معاملے رپورٹ ہوئے۔ یہ اس سال میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ گزشتہ 16 اکتوبر کو 24 گھنٹہ میں 63371 نئے معاملے رپورٹ ہوئے تھے۔

وہیں مہاراشٹر حکومت نے ہفتہ کے روز سیاسی اور مذہبی سمیت تمام طرح کی تقریبات کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ اس کے علاوہ کئی ریاستوں میں داخلہ کے لئے آر ٹی پی سی آر کی نفی رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔ کئی دیگر ریاستوں میں کئی طرح کی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔

حکومت گجرات نے یکم اپریل سے ریاست میں داخلہ کے لئے آر ٹی پی سی آر رپورٹ لازمی قرار دی ہے۔ یہ رپورٹ 72 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہئے۔


قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر دہلی حکومت نے ہفتہ کے روز سے کھے مقامات پر منعقد ہونے والی شادی سمیت دیگر تقاریب میں مہمانوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ 200 مقرر کر دی ہے جبکہ بند مقامات پر صرف 100 مہمان ہی تقریب میں شامل ہو سکتے ہیں۔ چیف سکریٹری وجے دیو نے کہا کہ دہلی میں آخری رسومات میں 50 لوگوں سے زیادہ کو شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ 30 اپریل تک نافذ العمل رہے گا اور شہر میں دیگر سرگرمیاں حسب سابق جاری رہیں گی۔

ادھر، حکومت بہار نے ہولی کے تہوار اور شب برات کے موقع پر کے حوالہ سے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ہولی اور شب برات کے موقع پر لوگوں سے بھیڑ لگانے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہولی سے قبل شام کو منعقد ہونے والے دہن پر بھی کم سے کم لوگوں کے شامل ہونے اور کورونا کی تدابیر پر عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔


مرکزی حکومت نے ہفتہ کے روز ان 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لئے جانچ کا دائرہ بڑھانے سمیت پانچ نکاتی حکمت عملی جاری کر دی، جہاں کورونا کے معاملے سب سے زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چھ ریاستوں مہاراشٹر، پنجاب، چھتیس گڑھ، کرناٹک، گجرات اور مدھیہ پردیش میں کورونا کے یومیہ معاملوں میں تیزی نظر آ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے معاملوں کا 79.57 فیصد انہی ریاستوں سے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔