'فاشزم ہماری دہلیز تک پہنچ گیا ہے!‘ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ کئے جانے پر وائناڈ کے ووٹروں کا ردعمل

راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کئے جانے کے بعد وایناڈ، کیرالہ کے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت راہل گاندھی سے خوف زدہ ہے اور فاشزم اب ان کی دہلیز تک پہنچ گیا ہے!

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

وائناڈ: مودی سرنیم پر ریمارکس کے معاملہ میں سزا سنائے جانے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کو پارلیمنٹ سے بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر وائناڈ، کیرالہ کے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، جہاں سے راہل گاندھی فتح یاب ہو کر لوک سبھا پہنچے تھے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر وائناڈ کے ووٹروں کا رد عمل شائع کیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کے خلاف کارروائی جمہوریت کے خلاف قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام فاشزم (فسطائیت) کے خلاف لڑنے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کرے گا۔

وائناڈ حلقے کے پولپلی علاقے کے ایک کسان مارکوس پی یو نے کہا ’’فاشزم ہماری دہلیز تک پہنچ گیا ہے۔‘‘ مارکوس نے کہا ’’راہل گاندھی کو اپیل دائر کرنے کا وقت دیا گیا تھا، اس کے باجود ان کی رکنیت عجلت میں منسوخ کر دی گئی۔ میں ان کی پارٹی کا حامی نہیں ہوں لیکن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فاشزم ہماری دہلیز پر پہنچ چکا ہے۔ لوگ پریشان ہیں۔ کانگریس کو قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، یہ جمہوریت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔‘‘


کنیام بٹا کے رہائشی اور علاقے میں کسانوں کی یونین کے عہدیدار ای پی فلپ کٹی نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی نااہلی سیاسی تھی اور حلقے کے لوگوں کو عدالتی کارروائی میں حکومتی مداخلت کا شبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو شک ہے کہ ان کے خلاف کارروائی یک طرفہ طور پر کی گئی ہے، دیکھتے ہیں ہائی کورٹ سے کیا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

کلپیٹا کے قریب مڈکی مالا کے رہنے والے ایک سماجی کارکن وجین نے کہا کہ وایناڈ میں چار لاکھ سے زیادہ ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے گاندھی کے خلاف کارروائی ’جمہوریت کے خلاف قدم‘ ہے۔ انہوں نے کہا ’’ایسا لگتا ہے کہ حکومت راہل گاندھی سے خوفزدہ ہے، جنہوں نے لوگوں کے لیے آواز اٹھائی۔ گاندھی نے اپنی تقریر میں بڑے پیمانے پر کی گئی دھوکہ دہی کا ذکر کیا۔ مودی حکومت نے عوامی شعبہ کے اداروں سے ڈس انویسٹمنٹ کی اور گاندھی نے ان لوگوں کا نام لیا جنہوں نے اس سے فائدہ اٹھایا۔ اب مودی اور شاہ خوفزدہ ہیں۔‘‘


انہوں نے کہا کہ یہ اقدام قابل مذمت ہے اور اس سے تمام اپوزیشن سیاسی جماعتیں فاشسٹ قوتوں کے خلاف جنگ میں یکجا ہوں گی۔ پولپلی کے ایک اور کسان شاجی پناچیکل نے کہا کہ مرکزی حکومت کا رویہ راہل گاندھی کو خاموش کرنے کے لیے ہے۔ پناچیکل نے کہا ’’حکومت نے تکبر کے ساتھ راہل گاندھی کو نااہل قرار دیا ہے۔ لوگ یہ سب دیکھ رہے ہیں اور اسے قبول نہیں کریں گے۔ دریں اثنا، وائناڈ لوک سبھا حلقہ میں کانگریس پارٹی اور بائیں بازو کے کارکنوں کے ایک حصے کا کہنا ہے کہ بی جے پی راہل گاندھی کے خلاف انتقامی سیاست میں مصروف ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔