فاروق کی سنہا سے اپیل، حیدرپورہ تصادم میں مارے گئے لوگوں کی لاشیں لواحقین کو دلوائیں

تصادم میں مارے گئے تین لوگوں کے رشتہ داروں نے پولیس کے دعوے کو خارج کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بے قصور شہری تھے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے ریاست کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے حیدرپورہ تصادم میں مارے گئے لوگوں کی لاشوں کو ان کے لواحقین کو سونپنے کے لئے مداخلت کرنے کی مانگ کی ہے۔

خیال رہے کہ پرانے سری نگر میں پیر کی رات مبینہ طورپر تصادم میں چار لوگ مارے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق مارے گئے لوگو ں میں دو دہشت گرد تھے، جن میں سے مدثر گل دہشت گرد تنظیم سے منسلک تھا اور ایک شخص اس مکان کا مالک تھا جس میں وہ چھپا ہوا تھا۔


اس تصادم میں مارے گئے تین لوگوں کے رشتہ داروں نے پولیس کے دعوے کو خارج کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بے قصور شہری تھے۔

نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فاروق عبداللہ نے منوج سنہا سے بات کی اور ان سے مبینہ طورپر شہریوں کے قتل کے معاملے میں غیرجانبدارانہ جانچ کرانے کی مانگ کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لیفٹننٹ گورنر سے مارے گئے لوگوں کی لاشیں ان کے لواحقین کو سونپنے کے لئے مداخلت کرنے کی مانگ کی۔


ترجمان نے کہا کہ لیفٹننٹ گورنر نے متاثرہ کنبوں کی مانگوں پر غور کرنے کا یقین دلایا۔خیال رہے کہ مرنے والوں کی لاشوں کی مانگ اور اس معاملے میں غیرجانبدارانہ جانچ کی مانگ پر سری نگر میں متاثرہ کنبوں نے بدھ کو مظاہرہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */