یوم جمہوریہ پریڈ میں کسانوں کو بھی مدعو کیا جانا چاہیے تھا: سنیل جاکھڑ

سنیل جاکھڑ نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں اس بزرگ ماں کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کریں، جنہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنے بیٹے کی قربانی دی ہے۔

سنیل جاکھڑ، تصویر آئی اے این ایس
سنیل جاکھڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر سنیل جاکھڑ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے یوم جمہوریہ پریڈ کے لئے کسانوں کو مدعو نہ کرکے تعطل کو ختم کرنے کا سنہری موقع کھو دیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں اس بزرگ ماں کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کریں، جنہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنے بیٹے کی قربانی دی ہے، اب اپنے پوتے کے ساتھ آئین، عام لوگوں اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کسان تحریک کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔

سنیل جاکھڑ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت کے تکبر کی وجہ سے ملک کی حکومت کسانوں کے مطالبات پر نہ تسلیم کرکے ملک کے عوام کی توہین کر رہی ہے۔ یوم جمہوریہ منانا تبھی با معنی ہے جب حکومت ملک کے عوام کی بات سنے۔ انہوں نے یہ مشورہ بھی دیا کہ بہتر ہوتا اگر حکومت کسانوں کو بھی حکومت کی سطح پر پریڈ میں شرکت کی دعوت دیتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریٹائر ہونے والے ایڈمرل رام داس کے مشورے سے اتفاق کرتے ہیں کہ راجپتھ پر سرکاری پریڈ کے بعد کسانوں کو ٹریکٹر پریڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس بزرگ ماں مہیندر کور کو بھی دعوت دی جانی چاہیے، جس کی بی جے پی کے لیڈروں نے دہاڑی دار کہہ کر توہین کی تھی۔


انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپنا ضدی رویہ ترک کرکے کسانوں کے مطالبات قبول کرتے ہوئے تینوں کالے قوانین کو واپس لے لینا چاہیے۔ حکومت کا تکبر اس قدر بڑھ گیا ہے کہ ملک کے کسانوں کو اپنے دارالحکومت میں یوم جمہوریہ پریڈ میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک کے عوام کی آواز سن کر ان قوانین کو منسوخ کرنے کی اپیل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */