کسان تحریک: راہل گاندھی کا مرکزی حکومت پر حملہ جاری، ویڈیو شیئر کر لوگوں سے طلب کی حمایت

ویڈیو پیغام کے مطابق سوشل میڈیا ہینڈل پر لائیو ہو کر یا ویڈیو بنا کر اس کا اشتراک کریں۔ اس مہم کا آغاز 8 جنوری صبح 10 بجے سے کر دیا گیا ہے۔

راہل گاندھی، تصویر آئی اے این سی
راہل گاندھی، تصویر آئی اے این سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی کی سڑکوں پر جاری کسانوں کی تحریک کے حق میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے حمایت طلب کی ہے۔ انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کہا ہے کہ کسانوں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں تاکہ نئے زرعی قوانین منسوخ ہو سکیں۔

راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام ٹوئٹر کرتے ہوئے کہا، ’’پُر امن احتجاج جمہوریت کا ایک اٹوٹ حصہ ہوتا ہے۔ ہمارے کسان بہن بھائی جو تحریک چلا رہے ہیں اسے ملک بھر سے حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ آپ بھی ان کی حمایت میں اپنی آواز جوڑ کر اس جدوجہد کو بلند کیجئے تاکہ زرعی قوانین ختم ہوں۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ’کسان کے لئے بولے بھارت‘ ہیش ٹیگ کا استعمال کیا ہے۔


راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں کہا گیا ہے، ’’کسان کے لئے بولے بھارت۔ جب سے بی جے پی حکومت اقتدار میں آئی ہے، جب سے کسانوں کو برباد کرنے کا کام کیا ہے۔ اقتدار میں آنے کے فوری بعد بی جے پی کسانوں کی زمین ہڑپنے کے لئے آرڈیننس لے کر آئی تھی۔ تب کانگریس پارٹی نے کسانوں کے ساتھ مل کر انہیں ان کا حق واپس دلوایا تھا۔‘‘

ویڈیو میں مزید کہا گیا ہے، ’’اب پھر سے بی جے پی حکومت نے کسانوں کے مفاد پر وار کیا ہے تو کانگریس پارٹی پھر سے کسانوں کے حق کی لڑائی لڑنے کے لئے تیار ہے۔ کانگریس پارٹی کے ساتھ مل کر بھارت کے لوگ مطالبہ کرتے ہیں کہ بی جے پی حکومت تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرے۔ کانگریس کے کسانوں کے لئے بولے بھارت مہم سے جڑیں۔‘‘

ویڈیو پیغام کے مطابق سوشل میڈیا ہینڈل پر لائیو ہو کر یا ویڈیو بنا کر اس کا اشتراک کریں۔ اس مہم کا آغاز 8 جنوری صبح 10 بجے سے کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔