اگنی پتھ: مظاہرین کو ملا کسان تنظیموں کا ساتھ، 24 جون کو ملک گیر مظاہرہ کا اعلان

سنیوکت کسان مورچہ نے اعلان کیا ہے کہ اگنی پتھ کے خلاف مظاہر کر رہے نوجوانوں کا خدشہ جائز ہے اور مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ اگنی پتھ اسکیم نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے بھی نقصاندہ ہے۔

سنیوکت کسان مورچہ کی میٹنگ
سنیوکت کسان مورچہ کی میٹنگ
user

قومی آوازبیورو

فوج میں بھرتی کے لیے مرکزی حکومت کے ذریعہ لانچ نئی اگنی پتھ اسکیم پر تنازعہ جاری ہے۔ بھلے ہی مظاہرین کو اگنی پتھ اسکیم میں موقع نہ دیے جانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، لیکن ملک گیر سطح پر ہو رہے مظاہرے رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ آج بھارت بند کے دوران بہار، یوپی اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں جگہ جگہ مظاہرے دیکھنے کو ملے۔ اپوزیشن پارٹیاں بھی فوج میں بھرتی ہونے کے خواہش مند نوجوانوں کی حمایت میں مظاہرے کر رہی ہیں۔ اس درمیان کسان تنظیموں نے بھی مظاہرین طلبا کی حمایت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سنیوکت کسان مورچہ نے اعلان کیا ہے کہ اگنی پتھ کے خلاف مظاہر کر رہے نوجوانوں کا خدشہ جائز ہے اور مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ اگنی پتھ اسکیم نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے بھی نقصاندہ ہے۔ اس تعلق سے سنیوکت کسان مورچہ نے 24 جون کو ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اس مظاہرہ کا اعلان کرنے والے لیڈر راکیش ٹکیت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’24 جون کو اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں ضلع-تحصیل ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔‘‘


راکیش ٹکیت نے کہا کہ احتجاجی مظاہرہ کا فیصلہ کرنال میں ایس کے ایم (سنیوکت کسان مورچہ) کی کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ ٹکیت نے جمعہ کو مظاہرہ کے لیے نوجوانوں، شہری اداروں اور سیاسی پارٹیوں سے حمایت کی گزارش کی ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے ایک ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بھارتیہ کسان یونین کا 30 جون کو ہونے والا مظاہرہ 24 جون کو ہوگا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ کسان یونین نے پہلے 30 جون کو اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */