جے پور: کسانوں کا زیر زمین کھڑے ہو کر احتجاج
جے پور کے نیندڑ میں 1300 بیگھا زمین کو ایکویزیشن سے بچانے کے لئے کسانوں نے آر پار کی جنگ شروع کر دی ہے۔
جے پور۔ راجستھان کی راجدھانی جے پور میں کسانوں نے اپنی زمین بچانے کے لئے تحریک چلائی ہوئی ہے۔ اپنے مطالبات پورے نہیں ہوتے دیکھ انہوں نے گاندھی جینتی پر احتجاج کا منفرد طریقہ اختیار کیا اور گڈھا کھود کر اس کے اندر کھڑے ہو گئے۔ کسانوں نے اسے سمادھی ستیاگریہہ کا نام دیا ہے۔ 21 کسان جب گڈھے کھود کر زیر زمین کھڑے ہوئے تو ان کی محض گردنیں دکھائی دے رہی تھیں۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ زمین ان کی ہے اور اس پر وہ فصلوں کی پیدا وار کر تے ہیں ایسے میں جے پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے ) کو وہ ان کی زمین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ کسانوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر جے ڈی اے نے زبردستی زمین لینے کی کوشش کی تو اسے ان کی لاشوں سے ہو کر گزرنا ہوگا۔
دراصل جے ڈی اے نے جے پور کے نیندڑ گاؤں کی 1300 بیگھا زمین کو ایکوائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا تبھی سے کسان اپنی زمین کو ایکوائر کئے جانے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ نیندڑ بچاؤ سمیتی کی جانب سے مسلسل زمین ایکویزیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوتا رہا ہے لیکن حال ہی میں جب کارروائی کے لئے جے ڈی اے کے ملازمین پہنچے تو یہ تحریک زور پکڑ گئی ۔ ابھی تک جے ڈی اے کو زمین نہیں دی گئی ہے اور گزشتہ تقریباً 15 دنوں سے تحریک کے تحت کسانوں نے اپنے دودھ اور سبزیوں کی سپلائی کو روک دیا ہے۔
جب کسانوں کو اپنی بات کا کوئی اثر ہوتا ہوا دکھائی نہیں دیا تو انہوں نے گاندھی جینتی پر منفرد اداز میں احتجاج کرنےئ کا فیصلہ کیا جس کے تحت 21 کسان احتجاجاً گڈھوں میں کھڑے ہو گئے ۔ جس وقت کسان اس طرح کا مظاہرہ کر رہے تھے تو ان کے کنبہ کے افراد بھی ان کے سامنے موجود تھے۔ ان کا یہ احتجاج حکومت پر کوئی اثر کر بھی پائے گا یا نہیں یہ آنے والا وقت ہی بتا پائے گا۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Oct 2017, 6:04 PM