کسان تحریک: بہار میں کسانوں-آر جے ڈی کے ’بھارت بند‘ کا آغاز

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت یافتہ کسانوں کے بھارت بند کا آغاز آج بہار میں پرامن انداز میں شروع ہوا

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت یافتہ کسانوں کے بھارت بند کا آغاز آج بہار میں پرامن انداز میں شروع ہوا۔

دارالحکومت پٹنہ میں بند کے پیش نظر تمام بڑے چوک چوراہوں پرمجسٹریٹ کی سربراہی میں اضافی پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ متعلقہ تھانہ علاقے کے پولیس اہلکار مسلسل گشت کررہے ہیں۔ جہاں ریلوے پولیس کے اہلکار پٹنہ جنکشن پراسٹیشن کےکیمپس میں مستعد نظرآ رہے ہیں وہیں انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں پولیس کی ایک بڑی تعداد اسٹیشن کے باہر تعینات کی گئی ہے۔

دارالحکومت پٹنہ میں دوسرے دنوں کی طرح صبح سے ٹریفک کے رواں دواں رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ سڑک کے کنارے ہر دن کی طرح دکانیں کھلی ہوئی بتائی جارہی ہیں ۔ سٹی بس سروس بھی عام دنوں کی طرح چل رہی ہے۔ اب تک کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ملی ہے۔

ادھر ، حاجی پور سے موصولہ اطلاع کے مطابق بندھ کے حامیوں نے مہاتما گاندھی سیتو کے قریب چوک کو بلاک کردیا ہے۔ اس کی وجہ سے حاجی پور ، مظفر پور اور چھپرا جانے والی سڑک پر بہت زبردست جام لگ گیا ہے۔ جام کی وجہ سے ان راستوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطار لگ گئی ہیں ۔ آر جے ڈی کے حامی سڑک روک کر حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کررہے ہیں۔


مہوا کے آر جے ڈی ایم ایل اے مکیش روشن نے کہا کہ ریاستی حکومت کے کہنے پر تین دن قبل اسمبلی میں اپوزیشن ایم ایل اے پر حملہ اور بد سلوکی کی گئی ، اس کے لئے نتیش سرکار مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔ صرف گڈ گورننس کا ڈھول پیٹا جارہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آر جے ڈی نے بے روزگاری کے معاملے پر کسانوں کے آج کے بھارت بند کی حمایت کی ہے۔ آر جے ڈی کے ساتھ ساتھ کانگریس اور بائیں بازو نے بھی آج اس بند کی حمایت کی ہے۔ نیز ، آر جے ڈی کی زیرقیادت مہاگٹھ بندھن تین روز قبل پیش آنے والے واقعے کے سلسلہ میں آج یوم سیاہ منا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔