کسان تحریک: سنگھو بارڈر پر ٹینٹ میں لگی آگ، سبھی سامان نذرِ آتش

سنگھو بارڈر پر کسانوں نے اپنے رہنے کے لیے کئی سارے چھوٹے چھوٹے ٹینٹ بنا رکھے ہیں۔ ان میں سے ہی ایک ٹینٹ میں آگ لگ گئی اور اس میں رکھا کھانے کا سامان، گدے، موبائل فون وغیرہ ضائع ہو گئے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

دہلی بارڈرس پر زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک جاری ہے، اور اس درمیان انھیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرے کے دوران کئی مقامات پر چھوٹے بڑے حادثے بھی پیش آ رہے ہیں، اور تازہ معاملہ سنگھو بارڈر کا ہے جہاں ایک ٹینٹ میں آگ لگنے کی وجہ سے اس میں رکھے گئے سبھی سامان نذرِ آتش ہو گئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سنگھو بارڈر پر ایک ٹینٹ میں ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے اچانک آگ لگ گئی۔ دمکل کی گاڑیوں نے اس آگ پر فوری قابو پا لیا جس کے سبب کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی ایک رپورٹ کے مطابق سنگھو بارڈر پر کسانوں نے اپنے رہنے کے لیے کئی سارے چھوٹے چھوٹے ٹینٹ بنا رکھے ہیں۔ ان میں سے ہی ایک ٹینٹ میں آگ لگ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کسان تحریک میں آٹھ نمبر ٹرین کے پل کے اوپر بیٹھے پنجاب کے ایک کسان دُگل سنگھ، جو ضلع پٹیالہ سے اس تحریک میں پہنچے ہیں، انھوں نے کہا کہ ٹینٹ کے پاس رکھا سلنڈر لیک کر رہا تھا جس کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ جس ٹینٹ میں آگ لگی اس میں 12-10 لوگ تھے۔


خبروں کے مطابق اس حادثہ میں ٹینٹ جل کر خاک ہو گیا اور ساتھ ہی ٹینٹ کے اندر رکھے کپڑے، گدے، موبائل فون، کرسیاں اور کھانے کا سامان بھی ضائع ہو گیا۔ اس آتشزدگی میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا، لیکن آگ بجھانے کی کوشش میں ایک کسان معمولی طور پر جھلس گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔