پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور کیجریوال بے نقاب! کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر

کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر نے مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت کا وقت ختم ہونے کا اعلان کیا اور اروند کیجریوال اور بھگونت مان پر بھی وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا

<div class="paragraphs"><p>کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چنڈی گڑھ: کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر نے مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے دیے گئے وقت کے ختم ہونے کا اعلان کیا اور اروند کیجریوال اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان پر کسانوں کے حقوق کے حوالے سے وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے مرکزی حکومت کو بات چیت کے لیے کل تک کا وقت دیا تھا لیکن اب وقت ختم ہو چکا ہے۔ ہمیں امید تھی کہ مرکزی حکومت سے کوئی ردعمل آئے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ آج شام وہ اپنی آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ سرون سنگھ نے کہا کہ سردار جگجیت سنگھ ڈلیوال کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے، ان کا وزن 11 کلو کم ہو گیا ہے اور ان کے جگر اور گردے میں سنگین مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ حکومت نیند سے جاگ رہی ہے۔ اب حکومت کو جاگ کر کسانوں اور مزدوروں کے مطالبات پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘


انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس میڈیا کو کسانوں کی تحریک کی کوریج سے روک رہی ہے اور یہ واضح ہو چکا ہے کہ پنجاب حکومت مرکز کے اشارے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بھگونت مان اور اروند کیجریوال ہمیشہ کہتے تھے کہ وہ کسانوں کے ساتھ ہیں اور مودی حکومت کے خلاف ہیں، لیکن آج وہی حکومت میڈیا کو کسانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے سے روک رہی ہے۔‘‘

سرون سنگھ نے پنجاب حکومت سے سوال کیا کہ میڈیا کو کوریج سے کیوں روکا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا، ’’یہ حکومت کی خاموشی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسانوں کی آواز نہیں سن رہی۔‘‘ انہوں نے پنجاب حکومت اور مرکز دونوں پر زور دیا کہ وہ کسانوں کی آواز سنیں اور اپنے وعدوں پر عمل کریں، ورنہ ان کا احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔