کسان ’پارلیمنٹ گھیراؤ‘ کے لیے بضد، بیریکیڈنگ توڑ کر نوئیڈا سے آگے بڑھے، لیکن آر اے ایف نے روکا راستہ
نوئیڈا سے آگے بڑھ رہے کسانوں نے دلت پریرنا استھل کے پاس پولیس بیریکیڈنگ توڑ دی اور نوئیڈا سے دہلی کی طرف قدم بڑھا دیے، یہ کسان جب آگے بڑھے تو آر اے ایف اور ’وجر وہیکل‘ نے راستہ روک دیا۔

اپنے مطالبات کو لے کر کسانوں نے ’پارلیمنٹ گھیراؤ‘ کا جو ارادہ کیا ہے، اس کے لیے وہ آج پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔ زبردست بیریکیڈنگ، سیکورٹی فورس اور دیگر رخنات کے باوجود مظاہرین کسان نے نوئیڈا واقع ’دلت پریرنا استھل‘ پر لگے بیریکیڈس کو توڑ دیا ہے اور دہلی کی طرف آگے قدم بڑھا دیا ہے۔ پولیس نے یہ بریکیڈنگ کی تھی تاکہ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کے درمیان سڑک کو بند کیا جا سکے۔

تصویر: ویپن/قومی آواز
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیوکت کسان مورچہ کی قیادت میں ہزاروں کسانوں نے نوئیڈا بارڈر پر دہلی پولیس کے ذریعہ لگائے گئے بریکیڈس کو توڑ دیا ہے، لیکن تھوڑا آگے بڑھنے کے بعد پھر سے ان کے قدم رک گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ آر اے ایف اور وجر وہیکل (مضبوط گاڑیاں) نے ان کا راستہ روک دیا ہے اور اس مقام پر بھی بریکیڈنگ کر دی گئی ہے۔ اس درمیان ڈی این ڈی کے پاس بھی نوئیڈا پولیس نے باڑبندی سخت کر دی ہے۔ نوئیڈا ایکسپریس وے کی دونوں لین بند کرنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جس سے ٹریفک جام کا ایک بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ ڈائیورزن کی وجہ سے مختلف سڑکوں پر طویل جام دیکھنے کو مل رہا ہے۔

تصویر: ویپن/قومی آواز
موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کسان مظاہرین نے جب دلت پریرنا استھل پر پولیس کی گھیرابندی توڑ کر آگے قدم بڑھایا تو بھیڑ کو رسّی سے روکنے کی کوشش بھی پولیس کے ذریعہ ہوئی، لیکن انھیں ناکامی ہاتھ لگی۔ پھر کچھ دور بڑھنے کے بعد آر اے ایف نے ان کا راستہ روکا جس سے کسان مظاہرین وہیں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اس درمیان پولیس و انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ مظاہرے کے مقام پر ڈرون سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔