دہلی میں جلد چلانے پڑیں گے پنکھے! محکمہ موسمیات کی درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچنے کی پیشن گوئی

آئی ایم ڈی کے مطابق قومی راجدھانی میں 10 فروری کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو پچھلے دو سالوں میں فروری کے مہینے کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں پنکھے خرید کر لے جاتا ایک بزرگ / Getty Images</p></div>

دہلی میں پنکھے خرید کر لے جاتا ایک بزرگ / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار تک قومی راجدھانی دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آنے والے دنوں میں دہلی میں بجلی کے پنکھے چلانے کی ضرورت پڑے گی اور گرمی پریشان کرنے لگے گی۔

رپورٹ کے مطابق، دہلی میں گزشتہ کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہا۔ محکمہ نے اتوار تک شہر کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافے کا امکان جاری کیا اور کہا کہ دہلی میں درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔


آئی ایم ڈی کے مطابق، منگل کو قومی راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 3 ڈگری زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی 10 فروری کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ پچھلے دو سالوں میں فروری کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

اسی طرح پنجاب اور ہریانہ کے کئی علاقوں میں بھی کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے امرتسر میں کم از کم درجہ حرارت 8.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے ایک ڈگری سیلسیس زیادہ ہے، جبکہ لدھیانہ میں کم از کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے تین ڈگری زیادہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔