فانی طوفان LIVE: بھاری تباہی کا آفات انتظامیہ نے لیا جائزہ

كابینہ سکریٹری پی کے سنہا نے اڈیشہ، مغربی بنگال اور آندھرا پردیش میں فانی طوفان سے ہونے والی تباہی کا مرکز اور ریاستوں کے مختلف حکام کے ساتھ جائزہ لیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

04 May 2019, 7:10 PM

آفات انتظامیہ کے اجلاس میں فانی طوفان سے ہونے والی تباہی کا جائزہ

نئی دہلی: كابینہ سکریٹری پی کے سنہا نے اڈیشہ، مغربی بنگال اور آندھرا پردیش میں فانی طوفان سے ہونے والی تباہی کا مرکز اور ریاستوں کے مختلف افسران کے ساتھ جائزہ لیا۔

اڈیشہ کے افسران نے بتایا کہ پوری، بھونیشور اور دیگر علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن اور بجلی کے نیٹ ورک کو بھاری نقصان پہنچا ہے، حالانکہ بر وقت لوگوں کو محفوظ مقامات پر پهچادئے جانے اور احتیاطی اقدامات کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کی جان بچانے میں کامیابی ملی ہے۔ مغربی بنگال نے طوفان سے معمولی اثر اور آندھرا پردیش نے سری کاکلم ضلع میں بھاری بارش کی وجہ سے فصلوں اور سڑکوں کو نقصان کی بات کہی ہے۔

تصویر یو این آٗی
تصویر یو این آٗی

كابینہ سکریٹری نے وزارت توانائی اور مواصلات محکمہ کو اڈیشا میں بجلی اور مواصلاتی نظام فوری طور پربحال کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ بھونیشور میں بجلی کی فراہمی آج دیر تک بحال ہونے امکان ہے۔ ٹیلی مواصلات کے شعبہ نے یہ بھی اشارہ کیا ہے کہ موبائل خدمات جلد ہی جزوی طور پر شروع کی جائیں گی۔

ریلوے کو بھی طوفان سے کافی نقصان ہوا ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ لائنوں کو بڑی حد تک صاف کر دیا گیا ہے اور ڈیزل انجنوں سے کچھ علاقوں میں آپریشن شروع ہو جائے گا۔ بھونیشور ایئر پورٹ پر بھی دوپہر تک آپریشن شروع ہونے کا امکان ہے۔ بندرگاہ اور ریفائنریریز کو نقصان کی خبر نہیں ہے۔

تصویر یو این آٗی
تصویر یو این آٗی

نیشنل ڈیزاسٹر فورس نے اوڈشا میں امدادی اور ریسکیو آپریشن کے لئے 16 اضافی ٹیموں کو تعینات کیا ہے۔ ان ٹیموں نے سڑکوں پر درختوں، ستونوں اور دیگر راہ میں رکاوٹوں کو ہٹا دیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے نيٹ کی اوڈیشا میں پانچ مئی کو ہونے والے امتحان کو ٹال دیا ہے۔ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیم کوبھی ریاست میں بھیجا جا رہا ہے۔

تصویر یو این آٗی
تصویر یو این آٗی

كابینہ سکریٹری نے مرکزی وزارتوں اور دیگر ایجنسیوں کو متاثرہ ریاستوں سے رابطہ برقرار رکھنے اور انہیں ضروری مدد پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔ کھانے کی اشیا ء، دوائیوں، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔ ریلوے اور سول ایوی ایشن وزارت نے بھی متاثرہ علاقوں کو آزادانہ طور پر امداد فراہم کرنے کو کہا ہے۔

تصویر یو این آٗی
تصویر یو این آٗی

اجلاس میں متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریوں نے ویڈیو كانفرنس کے ذریعے حصہ لیا۔ وزیر اعظم کے دفتر، داخلہ، دفاع، شپنگ، شہری ہوابازی، ریلوے، پیٹرولیم، توانائی،ٹیلی مواصلات ، اسپات، پینے کے پانی، فوڈ پروسیسنگ، صحت، ماہی پروری، وزارت اور محکمہ موسمیات، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور این ڈی آر ایف کے سینئر افسران نے اجلاس میں حصہ لیا۔

تصویر یو این آٗی
تصویر یو این آٗی
04 May 2019, 6:10 PM

ہندوستان میں 81 پروازیں منسوخ

ایئر پور اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق فانی طوفان کی وجہ سے گوہاٹی میں 59 پروازیں، اگرتلا میں 8، دیماپور میں 2، لیلا باڑی میں 2، ڈبروگڑھ میں 4 اور انپھال میں 6 پروازیں منسوخ کر دینا پڑی۔

04 May 2019, 4:59 PM

بنگلہ دیش میں فانی نے لے لی 14 کی جان، 63 زخمی

فانی نے اب بنگلہ دیش میں اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ شروعاتی خبروں کے مطابق بنگلہ دیش میں اب تک اس طوفان کے سبب 14 لوگوں کی جان چلی گئی ہے اور کم و بیش 63 لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ حالانکہ اڈیشہ، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے بعد اس طوفان کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن بنگلہ دیش میں ہلاکتوں کی تعداد ابھی سے ہی ہندوستان کے مقابلے زیادہ پہنچ گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان میں فانی نے 12 لوگوں کی جانیں لیں جب کہ کم و بیش 200 افراد زخمی ہوئے۔


04 May 2019, 4:10 PM

اڈیشہ: NEET کا امتحان ملتوی، حالات بہتر ہونے پر ہوگا نئی تاریخ کا اعلان

اڈیشہ حکومت کی گزارش کے بعد 5 مئی کو ریاست میں ہونے والا این ای ای ٹی امتحان ملتوی کر دیا گیا ہے۔ فانی سے پیدا مشکل حالات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حالات معمول پر آنے کے بعد امتحان کرایا جائے گا اور اس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

04 May 2019, 2:00 PM

طوفان فانی نے آندھرا پردیش کے سریکاکلم ضلع میں بڑے پیمانہ پرنقصانات

حیدرآباد: سمندری طوفان فانی کے سبب اے پی کے سریکاکلم ضلع میں بڑے پیمانہ پرنقصانات ہوئے۔عہدیداروں نے ابتدائی تخمینہ کے مطابق 38.43 کروڑ روپئے کا نقصا ن ہوا ہے۔ 406 ہیکٹرس پر پھیلی باغبانی کی فصلوں کے ساتھ ساتھ دیگر فصلوں کو بھی شدیدنقصان پہنچا۔ اس طوفان کے سبب 162 مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

محکمہ افزائش مویشیاں کو 3.49 لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ شاہراہوں، نہروں، پینے کے پانی کی پائپ لائنس کو نقصان پہنچا۔اس نقصان کا تخمینہ 213.60 لاکھ روپئے کا لگایا گیا ہے۔ 3334 خاندانوں کو باز آبادکاری کے مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ 338 میٹرک ٹن چاول بازآباد کاری مراکز پہنچایا گیا ہے۔ ساتھ ہی 11.169 میٹرک ٹن دال، 123.500 میٹرک ٹن آلو بھی ان مراکز پہنچائے گئے ہیں۔ 312 میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں، ساتھ ہی پینے کے پانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 975 لاکھ روپئے کا محکمہ بجلی کو نقصان پہنچ۔


04 May 2019, 12:10 PM

اڈیشہ میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر ہوئی 10، کم و بیش 200 زخمی

فانی طوفان کی زد میں آنے سے اڈیشہ میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ خبروں کے مطابق طوفان نے اڈیشہ میں جو تباہی مچائی ہے اس میں کم و بیش 200 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس طوفان نے اس ساحلی علاقے میں تباہی کا سماں پیدا کر دیا ہے اور جگہ جگہ درخت اب بھی گرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ کئی مکانات منہدم ہو گئے ہیں اور عمارتوں کو کافی نقصان بھی پہنچا ہے۔ راحتی کام زور و شور سے جاری ہے۔

04 May 2019, 10:12 AM

دوپہر بعد بنگلہ دیش پہنچے گا ’فانی‘

اڈیشہ، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے بعد بنگلہ دیش کی طرف فانی طوفان نے اپنا رخ کر لیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر بعد فانی کی دستک بنگلہ دیش میں ہو سکتی ہے۔ یہ طوفان آج دوپہر کو نادیا اور مرشد آباد کے راستے بنگال سے باہر نکلے گا اور بنگلہ دیش کی طرف بڑھے گا۔ بنگلہ دیش کے لوگوں میں اس بات کو لے کر دہشت کا ماحول ہے۔


04 May 2019, 8:41 AM

فانی طوفان نے اڈیشہ میں قہر برپا کرنے کے بعد بنگال میں رکھا قدم

اڈیشہ اور آندھرا میں تباہی مچانے کے بعد فانی کھڑگ پور ہوتے ہوئے مغربی بنگال میں داخل ہو چکا ہے۔ دیگھا میں سڑکوں پر درخت ٹوٹ کر گرے ہوئے ہیں جنھیں ہٹانے کا کام بھی چل رہا ہے۔ یہاں مرکزی اور ریاستی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔ کولکاتا میں بھی فانی کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے اور تیز آندھی اور بارش کا نظارہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس قبل اڈیشہ میں فانی نے 8 لوگوں کی جان لی اور کم و بیش 200 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔