مشہور غزل گلوکار اور دہلی گھرانہ کے خلیفہ استاد اقبال احمد خان کا انتقال، تعزیت کا سلسلہ جاری

استاد اکرم خاں نے خلیفہ استاد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’استاد چاند خاں کا انتقال ہوا تھا تو لگا کہ گھرانے کا چراغ کیسے روشن ہوگا۔ لیکن خلیفہ نے روایت کو خوشحال بناتے ہوئے اسے آگے بڑھایا تھا۔‘‘

تصویر ٹوئٹر @msisodia
تصویر ٹوئٹر @msisodia
user

تنویر

کلاسیکل موسیقی میں دہلی گھرانہ کے خلفیہ استاد اقبال احمد خان کا جمعرات کو انتقال ہو گیا، اور اس خبر نے دنیائے موسیقی کو جیسے غم کے گہرے کنوئیں میں دھکیل دیا۔ جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر عام ہوئی، سرود کے استاد امجد علی خاں، طبلے کے استاد اکرم خاں اور سارنگی نواز استاد کمال صابری نے اپنے اپنے تعزیتی پیغام میں اس حادثہ کو ایک عظیم خسارے سے تعبیر کیا۔ سوشل میڈیا پر بھی استاد اقبال احمد خان کے انتقال کی خبر پر غم و اندوہ کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔

کئی سرکاری و غیر سرکاری اعزازات سے نوازے گئے 66 سالہ استاد اقبال احمد خان نے پرانی دہلی کے سوئی والان واقع اپنے پشتینی مکان میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال پر استاد امجد علی خاں، استاد اکرم خاں اور استاد کمال صابری نے گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2020 نے ان سے کئی سارے عمدہ اداکار چھین لیے۔ انھوں نے بتایا کہ استاد جی (اقبال احمد خاں) کو ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کا گہرا علم تھا۔ انھوں نے دہلی گھرانے کو آگے بڑھانے کے لیے بے شمار شاگردوں کو موسیقی کی مفت تعلیم دی۔


استاد امجد علی خاں نے استاد اقبال احمد خاں کے انتقال پر اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی گھرانے کے مشعل بردار کا جانا واقعی بہت بڑا خسارہ ہے۔ کلاسیکی موسیقی کی باریکیوں اور اپنے گھرانے کی خوبصورتی کے ماہر خلیفہ جی اچھے موسیقار، گلوکار اور ان سے بھی زبردست انسان تھے جنھوں نے موسیقی کو گا کر نہیں بلکہ جی کر دکھایا۔‘‘

طبلہ میں اجراڑا گھرانے کے استاد اکرم خاں نے خلیفہ استاد کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’جب استاد چاند خاں صاحب کا انتقال ہوا تھا تو لگا کہ گھرانے کا چراغ کیسے روشن ہوگا۔ لیکن خلیفہ نے سب کچھ سنبھال کر روایت کو خوشحال بناتے ہوئے اسے آگے بڑھایا۔ لیکن ایک بار پھر لگتا ہے کہ اب کیا؟ اب کون اور کیسے سنبھالے گا نسلوں کی اس روایت کو۔‘‘


واضح رہے کہ دہلی گھرانے کی شروعات امیر خسرو سے مانی جاتی ہے اور خلیفہ استاد اقبال احمد خاں نے موسیقی کی شروعاتی تعلیم اپنے والد استاد چاند خاں سے حاصل کی تھی۔ اس کے بعد ان کی صلاحیت کو استاد ہلال احمد خاں اور استاد نصیر احمد خاں نے نکھارا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔