مشہور اداکار دھرمیندر کی حالت نازک، ممبئی واقع بریچ کینڈی اسپتال میں چل رہا علاج، گھر والے بھی موجود

دھرمیندر گزشتہ تقریباً 6 دہائیوں سے لوگوں کی تفریح کر رہے ہیں۔ اپنے اس طویل کیریئر میں انھوں نے کئی بہترین فلموں کے ذریعہ لوگوں کی تفریح کی۔

دھرمیندر، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار دھرمیندر کی طبیعت اچانک بہت خراب ہو گئی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور کچھ رپورٹس انھیں ونٹلیٹر پر رکھے جانے کی جانکاری دے رہی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل ہیں جہاں ڈاکٹرس ان کی سخت نگرانی کر رہے ہیں۔ اس وقت ان کا پورا خاندان اسپتال میں ان کے ساتھ موجود بتایا جا رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دھرمیندر عمر سے متعلق بیماریوں سے لڑ رہے ہیں۔ وہ طویل عرصہ سے مختلف صحت کے مسائل کا شکار ہیں اور وقتاً فوقتاً اسپتال میں ان کا علاج چلتا رہتا ہے۔ 31 اکتوبر کو بھی دھرمیندر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس وقت خبر آئی تھی کہ وہ معمول کے طبی معائنہ کے لیے اسپتال گئے تھے۔ تاہم اب ایک بار پھر انہیں اسپتال لے جایا گیا ہے اور اس بار حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔


اس درمیان دھرمیندر کی ٹیم کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اسپتال میں ضرور ہیں، لیکن ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ ٹیم نے اس وقت سبھی سے پرائیویسی کی درخواست بھی کی ہے۔ انگریزی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق دھرمیندر کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ’’وہ (ڈاکٹروں کی) نگرانی میں ہیں، لیکن فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ دھرمیندر گزشتہ تقریباً 6 دہائیوں سے لوگوں کو تفریح فراہم کر رہے ہیں۔ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے بے شمار شاندار فلموں کے ذریعے ناظرین کا دل جیتا ہے۔ حال ہی میں وہ اپنی ایک نئی آنے والی فلم ’اکیس‘ کو لے کر کافی سرخیوں میں ہیں۔ شری رام راگھون کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں دھرمیندر کے ساتھ امیتابھ بچن کے نواسے اگستیا نندا بھی نظر آئیں گے۔ اگستیا اس فلم میں ارون کھیتراپال کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ارون کھیتراپال کو سن 1971 کے ہندوستان-پاکستان جنگ میں بہادری کے کارنامے پر مابعد از مرگ پرم ویر چکر سے نوازا گیا تھا۔


یہ فلم 25 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ ’میڈاک فلمز‘ کے بینر تلے بنی اس فلم کو دنیش وِجان اور بِنّی پڈا نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ دھرمیندر فلم میں ارون کھیتراپال کے والد ایم ایل کھیتراپال کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ دھرمیندر آخری بار 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں نظر آئے تھے، جس میں شاہد کپور اور کیرتی سینن بھی شامل تھے۔ فلم میں ان سبھی کی اداکاری کو ناظرین نے بے حد پسند کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔