فرضی ورک فرام ہوم اسکیم! 17.5 لاکھ کی سائبر ٹھگی، دہلی پولیس نے چار ملزمان کو کیا گرفتار
فرضی ورک فرام ہوم ملازمت کے بہانے دہلی کے شخص سے 17.5 لاکھ روپے کی سائبر ٹھگی، دہلی پولیس نے چار ملزمان کو یوپی اور ایم پی کے مختلف شہروں سے گرفتار کر لیا

علامتی تصویر / اے آئی
نئی دہلی: دہلی پولیس کے ساؤتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ کی سائبر تھانہ ٹیم نے ایک بڑے آن لائن دھوکہ دہی کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے جس میں لوگوں کو فرضی ورک فرام ہوم جاب کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کی ٹھگی کی گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں چار سائبر مجرموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ تمام افراد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خصوصاً ٹیلی گرام کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرتے تھے اور انہیں گھر بیٹھے کمائی کا لالچ دے کر پھنسا لیتے تھے۔
یہ معاملہ 27 مئی 2025 کو سامنے آیا جب دہلی کے علاقے وسنت کنج کے رہائشی نے این سی آر پی پورٹل پر شکایت درج کرائی۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ 23 مئی کو ایک ٹیلی گرام آئی ڈی کے ذریعے ان سے رابطہ کیا گیا اور ویب سائٹ ریویو کرنے کے عوض 50 روپے فی ریویو کی پیشکش کی گئی۔ ابتدا میں چھوٹے کام دیے گئے، جس پر کچھ پیسے بھی ملے تاکہ اعتماد قائم ہو جائے۔ بعد میں دھوکہ بازوں نے شکایت کنندہ کو ’پری پیڈ ٹاسک‘ یعنی پہلے پیسے جمع کرانے کے بعد مزید کمائی کا جھانسہ دیا، جس میں کرپٹو کرنسی اور بٹ کوائن کی خرید و فروخت شامل تھی۔
ٹھگوں نے بار بار یہ کہہ کر پیسے منگوائے کہ اگر مزید رقم جمع کرائی جائے تو پہلے کی ’کمائی‘ نکلوائی جا سکتی ہے۔ اس چالاکی سے شکایت کنندہ سے مجموعی طور پر 17.49 لاکھ روپے ہتھیا لیے گئے۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی اور تفتیش کا آغاز کیا۔
انسپکٹر پرویش کوشک کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں سب انسپکٹر اوپندر، خاتون سب انسپکٹر پرینکا، ہیڈ کانسٹیبل اشوک، جے پرکاش، بابو لال اور کانسٹیبل جیت رام شامل تھے۔ اس ٹیم کی نگرانی اے سی پی آپریشنز وجے کمار نے کی۔
پیسے کے لین دین اور تکنیکی سراغوں کی بنیاد پر تحقیقات کرتے ہوئے ٹیم نے پایا کہ پانچ لاکھ روپے کوٹک مہندرا بینک کے ایک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے، جو ملزم انکور مشرا کے نام پر تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انکور مشرا دو دیگر ملزمان کے ساتھ بینک سے چیک کے ذریعے رقم نکالتے ہوئے دیکھا گیا۔ مزید تفتیش سے پتہ چلا کہ ایک اور اکاؤنٹ، جو بظاہر آگرہ سے چل رہا تھا، درحقیقت مدھیہ پردیش کے ایک شخص کے نام پر تھا۔
تکنیکی تجزیے سے معلوم ہوا کہ یہ گروہ لکھنؤ، شیوپوری، آگرہ اور بھوپال سے سرگرم تھا۔ اس بنیاد پر پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت انکور مشرا (22، سیاپورہ، یوپی)، کرتارتھ (21، راج گڑھ، ایم پی)، وشواس شرما (32، بھوپال) اور کیتن مشرا (18، شیوپوری) کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے ان کے خلاف بی این ایس کی دفعات 318(4)، 61(2) اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ چار موبائل فونز اور چار سم کارڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ دہلی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن جاب کے نام پر دی جانے والی پیشکشوں سے ہوشیار رہیں اور مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً سائبر کرائم سیل کو دیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔