فرضی ٹی آر پی: یو پی میں دائر شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی نے کیا معاملہ درج

بی جے پی کے زیر انتظام اترپردیش میں شکایت درج کرنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے منگل کے روز سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: فرضی ٹی وی ریٹنگ معاملہ میں بدھ کے روز سی بی آئی نے تحقیقات کے لئے مقدمہ درج کر لیا۔ تفتیشی ایجنسی نے اس معاملے میں اترپردیش میں درج شکایت کو بنیاد بنایا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریٹنگ ہیرا پھیری کے الزامات پر ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سی بی آئی نے تفتیش کا ذمہ لکھنؤ پولیس سے اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی پولیس بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس نے ریپبلک ٹی وی سمیت تین چینلز پر الزامات عائد کیے ہیں۔ ریپبلک ٹی وی نے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے اور ممبئی پولیس پر سوشانت سنگھ راجپوت کیس کے بارے میں سوالات اٹھانے پر ان کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔


بی جے پی کے زیر انتظام اترپردیش میں شکایت درج کرنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے منگل کے روز سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کر دی۔ اس ماہ کے شروع میں ممبئی پولیس نے کہا تھا کہ خبروں کے رجحانات کے تفصیلی تجزیہ کے بعد ایک ریٹنگ کے گھوٹالہ کا پردہ فاش ہوا ہے اور یہ بھی انکشاف ہوا کہ کس طرح غلط خبریں پھیلائی گئیں، بالخصوص اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں۔

ممبئی پولیس کے چیف پرمبیر سنگھ نے کہا تھا کہ ریٹنگ میٹر لگانے والی ایجنسی ہنسا کے سابق ملازمین نے تین چینلز کے ساتھ خفیہ ڈیٹا شیئر کیا تھا جس کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ہنسا کے ڈیٹا کو بی اے آر سی (براڈکاسٹ آڈوئین ریسرچ کونسل) استعمال کرتی ہے جو ملک بھر میں چینلز کی ہفتہ وار ریٹنگ جاری کرتی ہے۔ میڈیا تنظیموں نے مبینہ طور پر اپنے چینل کو ہر وقت چلانے کے لئے رقم دی تھی، چاہے لوگ اسے دیکھ رہے ہوں یا نہیں!

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔