ناگپور میں فرضی پولس کی دہشت، 4 وارداتوں میں بزرگ اور خواتین سے لاکھوں روپے کی ٹھگی

ناگپور میں دھوکہ بازوں نے پولیس بن کر 4 وارداتوں میں بزرگوں اور خواتین کو نشانہ بنایا اور لاکھوں روپے کے زیورات لوٹ لیے۔ وارداتوں سے شہری خوفزدہ ہیں، جبکہ پولیس گینگ کی تلاش میں مصروف ہے

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے ناگپور شہر میں فرضی پولیس اہلکار بن کر دھوکہ بازوں نے 4 الگ الگ وارداتوں میں بزرگوں اور خواتین کو نشانہ بنایا۔ دن دہاڑے ہونے والی ان وارداتوں میں ملزمین لاکھوں روپے کے سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھائے ہیں۔

پہلی واردات تحصیل تھانہ علاقے میں پیش آئی، جہاں 55 سالہ ممتا دھاریوال نامی خاتون سے چار نامعلوم افراد نے خود کو پولیس اہلکار بتاکر زیورات کی ’جانچ‘ کے بہانے تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار روپے کے زیورات اتروا لیے۔ یہ واردات اتوار کی صبح 10:45 بجے اتواری روڈ پر امرکر جیولرس کے سامنے ہوئی۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔


دوسری واردات زری پٹکا تھانہ علاقے میں ہوئی، جہاں دو دھوکہ بازوں نے 67 سالہ جگل کشور شاہو سے تقریباً پانچ لاکھ روپے مالیت کی 10 تولے کی سونے کی چین ٹھگ لی۔ ملزمین نے بزرگ کو کاغذ کی پڑیا میں پتھر دے کر فرار ہو گئے۔

تیسری واردات دھنتولی تھانہ علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران پیش آئی، جہاں مدھیہ پردیش کے 68 سالہ کسان اوم پرکاش جیسوال سے جعلی پولیس اہلکاروں نے تقریباً 66 ہزار روپے مالیت کے زیورات لے کر رفوچکر ہوگئے۔

چوتھی واردات ہڈکیشور علاقے میں ہوئی۔ یہاں 55 سالہ ریٹائرڈ ٹیچر اوشا جھاڑے سے تین افراد نے خود کو پولیس اہلکار بتاتے ہوئے دو لاکھ روپے کے گہنے اتروالیے اور موٹر سائیکل سے فرار ہوگئے۔

تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چاروں وارداتوں کے پیچھے ایک ہی گینگ کا ہاتھ ہے۔ پولیس کمشنر رویندر سنگل نے بتایا کہ امبولی (تھانے ضلع) کا ایک گینگ جون میں بھی اسی طرز کی وارداتیں انجام دے چکا ہے۔ اس وقت دو ملزمین گرفتار کیے گئے تھے۔ پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ کیا وہی گینگ دوبارہ سرگرم ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔