دہلی ایئرپورٹ پر سنگاپور ایئرلائن کا جعلی پائلٹ گرفتار، دہلی پولیس کے حوالے

گرفتارشدہ نوجوان پائلٹ کی وردی پہنے ہوئے ہوائی اڈے پر گھوم رہا تھا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے شک ہونے پر اس سے تفتیش کی تو پورا معاملہ سامنے آیا۔ اسے دہلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سنگارپور ایئرلائن / اے این آئی</p></div>

سنگارپور ایئرلائن / اے این آئی

user

قومی آوازبیورو

اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی جی آئی ایئرپورٹ) پر ایک جعلی پائلٹ پکڑا گیا ہے۔ اس کی شناخت گوتم بدھ نگر کے رہنے والے 24 سالہ سنگیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزم سنگاپور ایئر لائن کے پائلٹ کی وردی پہن کر گھوم رہا تھا۔ سی آئی ایس ایف نے اسے گرفتار کر کے دہلی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق گرفتارشدہ نوجوان پائلٹ کی وردی پہنے ہوئے ہوائی اڈے پر گھوم رہا تھا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے شک ہونے پر اس سے تفتیش کی تو پورا معاملہ سامنے آیا۔ فی الحال سی آئی ایس ایف نے فرضی پائلٹ کو دہلی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ معلومات کے مطابق 25 اپریل کو پائلٹ کی وردی میں ملبوس ایک نوجوان کو ہوائی اڈے کے اسکائی واک کے قریب چہل قدمی کرتے دیکھا گیا۔ اس کے بعد جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ وہ سنگاپور ایئر لائنز میں پائلٹ ہے۔ اس کے گلے میں شناختی کارڈ بھی لٹکا ہوا تھا۔


ملزم کی شناخت 24 سالہ سنگیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو گوتم بدھ نگر کا رہنے والا ہے۔ ملزم نے بزنس کارڈ میکر ایپ کے ذریعے سنگاپور ایئرلائن کے پائلٹ کا جعلی شناختی کارڈ بنایا تھا۔ اس کے بعد اس نے دوارکا علاقے سے پائلٹ کی وردی خریدی تھی۔ جب اس معاملے کی تحقیقات کی گئی تو پتہ چلا کہ ملزم سنگیت سنگھ نے 2020 میں ممبئی سے 1 سالہ ایوی ایشن ہاسپیٹلیٹی کورس کیا تھا۔ وہ اپنے گھر والوں سے بھی جھوٹ بولتا رہا۔ وہ اپنے گھر والوں کو بتاتا رہا کہ وہ پائلٹ ہے۔

ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 420، 468، 471 کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ فی الحال سی آئی ایس ایف نے فرضی پائلٹ کو پکڑ کر دہلی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ دہلی پولیس نے اس پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔