مہاراشٹر: فڑنویس، شندے اور اجیت نے گورنر سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ کیا پیش، حلف برداری کل شام 5.30 بجے
دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ہم نے گورنر سے ملاقات کی اور ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے لیے حمایت نامہ سونپ دیا، گورنر نے ہمیں کل شام 5.30 بجے حلف برداری تقریب کے لیے مدعو کیا ہے۔

گورنر سی پی رادھا کرشنن سے مہایوتی لیڈران کی ملاقات کا منظر، تصویر@maha_governor
مہاراشٹر میں نئے وزیر اعلیٰ کا نام سامنے آنے کے بعد حلف برداری کا راستہ بھی ہموار ہو گیا ہے۔ مہایوتی کے سرکردہ لیڈران نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھاکرشنن سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ مہایوتی میں شامل بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس، شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے راج بھون میں گورنر کے سامنے اراکین اسمبلی کا حمایت نامہ سونپا۔
گورنر سے ملاقات کے بعد مہایوتی لیڈران نے پریس کانفرنس بھی کیا۔ اگلے وزیر اعلیٰ کے طور پر منتخب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’ہم نے گورنر سے ملاقات کی اور ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے مقصد سے حمایت نامہ سونپا۔ ہماری اتحادی پارٹی شیوسینا اور این سی پی نے گورنر سے گزارش کی ہے کہ مجھے مہایوتی کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف دلایا جائے۔ گورنر نے سبھی گزارش کو قبول کر لیا ہے اور ہمیں کل شام 5.30 بجے حلف برداری تقریب کے لیے مدعو کیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہوں گے۔
کارگزار وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج ہم نے گورنر سے مل کر حکومت بنانے کی اجازت مانگی ہے۔ معزز گورنر نے اجازت دے دی ہے۔ کل شام کو حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔ دیویندر فڑنویس وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ ہم نے ان کو حمایت دی ہے۔ ان کو نیک خواہشات۔‘‘ شندے نے مزید کہا کہ ’’میں نے مکمل حمایت کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔ ڈھائی سال مکمل ہونے پر میں بہت خوش ہوں۔ گزشتہ 2.5 سالوں میں مہایوتی حکومت، ہم تینوں اور ہماری ٹیم نے جو کام کیا ہے وہ قابل ذکر ہے۔ اسے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔‘‘
اس موقع پر مہایوتی میں شامل این سی پی لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ ’’ہم مہاراشٹر کو بہترین ریاست بنانے کی کوشش کریں گے۔ ہم اچھی حکومت دیں گے۔ میں تو حلف لینے والا ہوں۔ ہم ریاست میں حکومت چلانے کے لیے اپنا بہتر تعاون پیش کریں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ پارٹی سے متعلق سرگرمیوں کو بی جے پی چیف چندرشیکھر باونکلے اور این سی پی لیڈر سنیل تٹکرے سنبھالیں گے۔
اس درمیان دیویندر فڑنویس نے شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’شندے جی نے وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے میرے نام کی حمایت کی ہے۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بھی میرے نام کی سفارش کی۔ وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ صرف تکنیکی عہدے ہیں۔ گزشتہ ڈھائی سال میں ہم نے ساتھ مل کر کام کیا ہے، آگے بھی ہم سب مل کر اچھی حکومت دینے کی کوشش کریں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہماری کوشش ہوگی کہ ہم نے جو وعدے عوام سے کیے ہیں وہ پورے کریں۔ مہاراشٹر کو نئی اونچائیوں پر لے جانے کا عزم ہم پورا کریں گے۔ دیگر وزراء کے نام پر آئندہ میٹنگوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ہم شام تک طے کریں گے کہ کل کون حلف لے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔