پریشان فڑنویس پہنچے آر ایس ایس کے قدموں میں، شیوسینا کے تیور ہنوز تلخ

وزیر اعلیٰ کی کرسی خطرے میں پڑتا دیکھ اب دیویندر فڑنویس آر ایس ایس کے دربار میں پہنچ گئے ہیں۔ حالانکہ اس سے پہلے انھوں نے کور کمیٹی کی میٹنگ کی تھی لیکن کوئی راستہ نہیں نکلا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں شیوسینا کے ساتھ اب تک حکومت تشکیل نہ ہو پانے سے پریشان دیویندر فڑنویس اب آر ایس ایس کے قدموں میں پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے منگل کی دیر شب آر ایس ایس دفتر جا کر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس تقریباً 9 بج کر 40 منٹ پر آر ایس ایس کے ناگپور واقع ریشمی باغ ہیڈ کوارٹر پہنچے اور تقریباً ایک گھنٹے کی بات چیت کے بعد وہاں سے روانہ ہوئے۔

اس میٹنگ کو لے کر آر ایس ایس اور بی جے پی کے ذرائع الگ الگ دعوے کر رہے ہیں۔ آر ایس ایس سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ شیوسینا کے ساتھ بات چیت سلجھانے کے لیے دیویندر فڑنویس آر ایس ایس سے مداخلت کرنے کی گزارش کرنے بھاگوت کے پاس گئے تھے۔ شیوسینا بھی چاہتی ہے کہ آر ایس ایس ثالثی کر دونوں کے درمیان جاری رسہ کشی کو ختم کرے۔ اس سلسلے میں شیوسینا نے ایک خط بھی موہن بھاگوت کو گزشتہ دنوں لکھا تھا۔


دوسری طرف بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو ہوئی کور کمیٹی کی میٹنگ میں حکومت بنانے کا پورا فارمولہ تیار ہو گیا ہے اور دیویندر فڑنویس اس فیصلے کو آر ایس ایس سربراہ کو بتانے اور حکومت تشکیل کے لیے ان کا آشیرواد لینے گئے تھے۔

جہاں تک شیو سینا کا سوال ہے، وہ لگاتار 50-50 فارمولہ اختیار کرنے کی بات کہہ رہی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ 2.5 سال کے لیے وزیر اعلیٰ عہدہ اسے چاہیے۔ دیویندر فڑنویس یہ نہیں چاہتے اور یہی وجہ ہے کہ شیوسینا لگاتار اپنے ترجمان ’سامنا‘ میں نہ صرف بی جے پی کے خلاف لکھ رہی ہے بلکہ بی جے پی کا دامن چھوڑ کر کسی دوسرے راستے سے حکومت سازی کا اشارہ بھی دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Nov 2019, 9:11 AM