جموں اور بارہمولہ میں پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کل، حفاظت کے غیر معمولی انتظامات

ان پارلیمانی حلقوں میں 33 لاکھ 65 ہزار37 رجسٹرڈ ووٹر ہیں جن میں 17 لاکھ 16 ہزار 933 مرد ووٹر، 16 لاکھ 897 خواتین ووٹر، 47 ہزار 155 سروس ووٹر (46 ہزار 652 مرد اور 503 خواتین) اور 52 خواجہ سرا ووٹر ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: سیکورٹی لحاظ سے حساس مانی جانے والی ریاست جموں وکشمیر میں جمعرات کو عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت جموں اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سات اضلاع پر پھیلے جموں اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں میں پولنگ کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

پولنگ کا عمل صبح سات بجے شروع ہوکر شام کے چھ بجے تک جاری رہے گا۔ عام انتخابات کے سبھی مرحلوں میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔ ریاست میں 11 اپریل کو ان علاقوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جن میں پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جانے ہیں۔

ریاست بھر میں بالخصوص صوبہ جموں میں پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے گذشتہ قریب تین ہفتوں سے جاری انتخابی مہم منگل کی شام اختتام پزیر ہوئی۔

بارہمولہ اور جموں پارلیمانی حلقوں میں انتخابی امیدواروں نے رائے دہندگان کو لبھانے کا ہر طریقہ استعمال کیا۔ جہاں جموں میں بھاجپا امیدوار کے حق میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، بی جے پی صدر امت شاہ اور دوسرے لیڈران جبکہ کانگریس امیدوار کے حق میں سینئر کانگریس لیڈران غلام نبی آزاد اور سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ نے انتخابی جلسوں سے خطاب کیا وہیں بارہمولہ پارلیمانی حلقے میں اگر بی جے پی امیدوار کے لئے کسی بھی قومی سطح کے لیڈر نے مہم نہیں چلائی جبکہ کانگریس، پیپلز کانفرنس اور نیشنل کانفرنس کے لئے مقامی سطح کے لیڈران نے جم کر انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ محفوظ، پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا 'پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو جہاں جہاں پولنگ ہونی ہے، وہاں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں'۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے پولنگ پارٹیاں چناﺅ عمل کے تین روز پہلے ہی برف سے ڈھکی گریز اور تلیل وادی کے لئے روانہ کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جموں اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں میں 33 لاکھ سے زائد ووٹر33 امید واروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

ان پارلیمانی حلقوں میں 33 لاکھ 65 ہزار 37 رجسٹرڈ ووٹر ہیں جن میں 17 لاکھ 16 ہزار 933 مرد ووٹر ، 16 لاکھ 897 خواتین ووٹر، 47 ہزار 155 سروس ووٹر (46 ہزار 652 مرد اور 503 خواتین) اور 52 خواجہ سرا ووٹر ہیں۔

جموں پارلیمانی حلقہ میں24 جبکہ بارہمولہ حلقہ میں9 امیدوار میدان میں ہیں۔ دونوں حلقوں میں انتخابات کے احسن انعقاد کے لئے4489 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جموں پارلیمانی حلقہ 20 سے زائد اسمبلی حلقوں پر محیط ہے جس میں جموں، سانبہ، پونچھ اور راجوری کے 20 لاکھ 47 ہزار 299 ووٹر ہیں جن میں 20 لاکھ 5 ہزار 734 جنرل ووٹر، 41 ہزار 565 سروس ووٹر ہیں۔ جنرل ووٹرز میں 10 لاکھ 40 ہزار 876 مرد اور 96 لاکھ 48 ہزار 38 خواتین ووٹر ہیں۔ سروس ووٹروں میں 41 ہزار 87 مرد، 478 خواتین جبکہ 20 خواجہ سرا ووٹر ہیں۔

انتخابات کے احسن انعقاد کے لئے حلقہ میں2740 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جو امید وار میدان میں ہیں اُن میں سید عاقب حسین انڈی پینڈنٹ پیلز پارٹی، جگل کشور شرما بی جے پی، بدری ناتھ بی ایس پی، محمد یونس جے کے پیر پنجال عوامی پارٹی، سشیل کمار ہندو استھان نرمان دل، جاوید احمد آل انڈیا فارورڈ بلاک، رمن بھلہ آئی این سی، گرساگر سنگھ نورنگ کانگریس پارٹی، پروفیسر بھیم سنگھ نیشنل پینتھرس پارٹی، لال سنگھ ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن اور راجیو چونی، سبھاش چندر، شازباد شبنم، پرسین سنگھ ، غلام مصطفی چوہدری، ستیش پونچھی، بہادر، منیش ساہنی، سکندر احمد نورانی، ترسیم لال کھلر، بلوان سنگھ، سید ذیشان حیدر، انل سنگھ، اجے کمار آزاد امید وار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔