وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر ہوئی بات چیت

جے شنکر نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے چینی صدر کو نیک خواہشات پیش کیں۔ جئے شنکر تیانجن میں وزرائے خارجہ کونسل کی میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر خارجہ ایس جے شنکر چینی صدر سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>

وزیر خارجہ ایس جے شنکر چینی صدر سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر ’انسٹاگرام‘

user

قومی آواز بیورو

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے آج (منگل) بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات کی سمت اور ترقی پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران جے شنکر نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے چینی صدر کو نیک خواہشات کے پیغامات بھی دیے۔ یہ میٹنگ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے تحت منعقد کی گئی تھی جس میں سبھی وزرائے خارجہ نے چینی صدر جن پنگ سے ملاقات کی۔

میٹنگ کے بعد جئے شنکر نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا، ’’آج صبح بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کی نیک خواہشات انہیں پیش کی۔ وہیں دوطرفہ تعلقات میں حالات کے واقعات کی جانکاری دی اور اس سمت میں ہمارے رہنماؤں کی رہنمائی کی اہمیت دوہرائی‘‘۔


اس دوران وزیر خارجہ جے شنکر نے چینی نائب صدر ہان جھینگ سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ ہند-چین رشتوں کا معمول پر آنا دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کے پیچیدہ عالمی حالات میں ہندوستان اور چین جیسے بڑے پڑوسی ملکوں کے درمیان کھلی بات چیت بے حد ضروری ہے۔ جے شنکر نے ہند-چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر کیلاش مان سروور یاترا کی پھر سے شروعات کرنے کا استقبال کیا، جسے 2020 سے وبا اور سرحدی کشیدگی کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل پیر کو جے شنکر نے چین کے کئی سینئر افسروں سے ملاقات کی تھی اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو معمول پر لانے پر زور دیا۔ انہوں نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی امور کے وزیر لیو جن چاؤ سے ملاقات کرکے تعمیری ہند-چین تعلقات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ جے شنکر نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے ساتھ دوطرفہ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے سرحد سے جڑے معاملوں کو پُرامن طور پر سلجھانے، رابطے کو معمول پر لانے اور تجارت میں غیر ضروری رکاوٹیں ہٹانے کی بات کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپسی احترام، مفاد اور حساسیت کی بنیاد پر تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔‘‘


واضح رہے کہ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کا مئی 2020 میں گلوان گھاٹی میں ہوئے پُرتشدد جھڑپوں کے بعد چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ وہ تیانجن میں ہو رہی ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کی میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

(بشکریہ آئی اے این ایس)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔