وزیر خارجہ جئے شنکر آج سے 3 ملکوں کے چھ روزہ دورے پر
وزارت خارجہ کی اطلاع کے مطابق جئے شنکر 19 سے 24 مئی تک نیندر لینڈ، ڈنمارک اور جرمنی کے دورہ پر رہیں گے۔ اس دورہ کا مقصد اسٹریٹیجک تعلقات کو گہرا کرنا اور اہم یورپی ساجھیداروں کے ساتھ تعاون بڑھانا ہے۔

ایس جے شنکر (فائل)، تصویر یو این آئی
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر آج (19 مئی) سے نیدر لینڈ، ڈنمارک اور جرمنی کے چھ روزہ دورے پر جا رہے ہیں۔ اس دورہ میں دہشت گردی کو پاکستان کی طرف سے مل رہی مستقل حمایت کو اُجاگر کیے جانے کی امید ہے۔ ہند-پاکستان کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ یہ دورہ ہندوستان کی جاری سفارتی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسٹریٹیجک تعلقات کو گہرا کرنا اور اہم یورپی ساجھیداروں کے ساتھ تعاون بڑھانا ہے۔
وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا کہ جئے شنکر 19 سے 24 مئی تک نیندر لینڈ، ڈنمارک اور جرمنی کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ امید ہے کہ جئے شنکر تینوں ملکوں میں اپنے ہم منصبوں کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد آپریشن سندور شروع کرنے کے ہندوستان کے فیصلے سے بھی واقف کرائیں گے۔
غور طلب ہے کہ 6 سے 7 مئی کی درمیانی رات کو 1:05 بجے سے لے کر 1:30 بجے تک ہندوستانی مسلح افواج نے ’آپریشن سندور‘ کو انجام دیا تھا۔ 25 منٹ کے اس آپریشن میں 24 میزائلوں کے ذریعہ دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ ان 9 ٹھکانوں میں سے 5 پاکستان کے قبضے والے کشمیر میں تھے، وہیں 4 پاکستان میں تھے۔ ان ٹھکانوں میں دہشت گردوں کو بھرتی کرنے کے ساتھ انہیں ٹریننگ دی جاتی تھی۔ اس آپریشن میں 100 سے زائد دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
ہندوستانی فوج کی اس بڑی کارروائی میں دہشت گرد مسعود اظہر کے کنبہ کے 10 لوگوں کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ اس کارروائی کے بعد پاکستان نے 8، 9 اور 10 مئی کو ہندوستان کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس کو ناکام کر دیا گیا۔ 4 دن کے شدید ٹکراؤ کے بعد 10 مئی کو دونوں اطراف سے جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔ حالانکہ ابھی بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔