اٹارنی جنرل وینوگوپال کے میعاد کار ایک سال اور تشار مہتا کی میعاد کارتین سال بڑھائی

حکومت نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اور سالیسٹر جنرل کی میعاد کار میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

مرکزی حکومت نے اپنے اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال کی میعاد کار میں ایک سال کا اضافہ کردیا ہے۔وزارت قانون کی جانب سے پیر دیر رات جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے مسٹر وینوگوپال کی ایک سال کے لئے اٹارنی جنرل کے عہدے پر ازسر نو تقرری کو منظوری دےدی۔ ان کی نئی تقرری یکم جولائی سے موثر ہوگی۔

اٹارنی جنرل کے طور پر مسٹر وینوگوپال کا تین سال کی معیاد 30 جون کو ختم ہورہی تھی۔ وہ 89 برس کے ہیں۔


واضح رہے کہ مسٹر وینوگوپال کی میعاد ختم ہونے کو دھیان میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے ایک سال کی سروس کی توسیع کے لئے ان سے رضامندی کا مطالبہ کیا تھا جس کی انہوں نے حامی بھر دی تھی۔

مسٹر وینوگوپال آئینی معاملوں کے ماہر رہے ہیں اور اٹارنی جنرل کے طور پر انہوں نے آدھار، رافیل وغیرہ جیسے اہم معاملوں میں مرکز کا کامیابی کے ساتھ دفاع کیا تھا۔سینئر وکیل مکل روہتگی کے ذاتی وجوہات کا حوالہ دے کر اٹارنی جنرل کے عہدہ سے استعفی دینے کے بعد مسٹر وینوگوپال کو جون 2017 میں ملک کا پندرہواں اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا تھا۔


مرکزی حکومت نے ملک کے دوسرے سب سے اعلی افسر سالسیٹر جنرل تشار مہتاکی میعادکار تین سال اور بڑھانے کا پیر کو فیصلہ کیا۔

محکمہ تربیت ، عملہ ، عوامی شکایات اور پنشن کی جانب سے یہاں دیر رات جاری ایک ریلیز کے مطابق تقرری معاملوں کے کابینی کمیٹی نے مسٹر مہتا کی معیاد کار تین برس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی میعادکار30 جون کو ختم ہورہی تھی۔


حکومت نے وکرم جیت بنرجی، امن لیکھی، کےایم نٹراج، سنجے جین اور محترمہ مادھوی گودریا دیوان کو بھی سپریم کورٹ کے لئے تین سال کے لئے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل (اے ایس جی) ازسر نو تقرر کیا ہے۔ ان سبھی کی تقرریاں یکم جولائی سے موثر ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔