اربن ایکسٹینشن روڈ-2 پر حد سے زیادہ ٹول ٹیکس ناقابل قبول، 50 فیصد کمی کرنے کا دہلی کانگریس کا مطالبہ
دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ اس منصوبہ کے لیے کسانوں کی زمین لی گئی، لیکن بدلے میں انہیں بے حد کم معاوضہ دیا گیا۔ عوام میں حکومت کے تئیں اس سلسلے میں کافی غصہ ہے۔

دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان اور وزارت سڑک ٹرانسپورٹ و ہائی ویز کی روڈ سیفٹی ایڈوائزری کونسل کے سابق رکن ڈاکٹر نریش کمار نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کی سخت تنقید کی ہے جس کے تحت نئی بنی اربن ایکسٹینشن روڈ-2 (یو ای آر-2) پر حد سے زیادہ ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ اس سڑک کا افتتاح 17 اگست 2025 کو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کے ذریعہ کیا جانا ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار اپنے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ دہلی میں پہلی بار اس طرح کا اونچا ٹول ٹیکس لگایا جا رہا ہے جو پڑوسی ریاستوں ہریانہ اور اتر پردیش کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبہ کے لیے کسانوں کی زمین لی گئی، لیکن بدلے میں انہیں بے حد کم معاوضہ دیا گیا۔ جو پڑوسی ریاستوں سے بھی بہت کم ہے۔ حکومت اب تک انہیں متبادل پلاٹ دینے کا عمل شروع نہیں کر پائی ہے۔ کسان انصاف پانے کے لیے عدالت میں کیس لڑ رہے ہیں اور مقامی لوگوں میں شدید غصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس سڑک کو بڑی حصولیابی بتا رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ عام شہری اور کسان اس غیر مناسب ٹول شرحوں اور غیر منصفانہ معاوضہ پالیسی سے بھاری بوجھ کے نیچے دب گئے ہیں۔ یہ حد سے زیادہ ٹول ٹیکس قابل قبول نہیں ہے، اس میں فوری طور پر 50 فیصد کی کمی کی جائے اور دیہی لوگوں کو چھوٹ دی جائے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے ایک میمورنڈم مرکزی وزیر نتن گڈکری کو بھیجا ہے جس کی ایک کاپی وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی۔ کے۔ سکسینہ کو بھی بھیجی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کانگریس عوام اور کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس عوام مخالف فیصلے کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے کے مطابق ٹول ٹیکس کی شرحیں اس طرح ہیں:
- کلاس 1 (کار/جیپ/وین): 235 روپے (ایکطرفہ)، 350 روپے (واپسی)
- کلاس 2 (ہلکی کمرشیل گاڑی/چھوٹا ٹرک/ منی ٹرک): 375 روپے (ایکطرفہ)، 565 روپے (واپسی)
- کلاس 3 (بس/ٹرک-2 ایکسل): 860 روپے (ایکطرفہ)، 1290 روپے (واپسی)
-کلاس 4 (بھاری گاڑی-3 ایکسل/ملٹی ایکسل)، 1235 روپے (ایکطرفہ)، 1855 روپے (واپسی)
- کلاس 5 (ٹریلر-6/5/4 ایکسل): 1505 روپے (ایکطرفہ)، 2260 روپے (واپسی)۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔