دہلی بی جے پی کے سابق صدر مانگے رام گرگ کا انتقال

برین ہیمریج ہونے کے بعد گرگ کو 15 جولائی کو میکس بالاجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بی جے پی کی دہلی یونٹ کے سابق صدر مانگے رام گرگ کااتوار کی صبح انتقال ہو گیا، وہ 82 سال کے تھے۔ برین ہیمریج ہونے کے بعد گرگ کو 15 جولائی کو میکس بالاجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے خاندان میں پانچ بیٹے ایک بیٹی اور نواسی پوتے ہیں۔

گرگ 2003 سے 2008 تک وزيرپور اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی بھی رہے۔ وہ دھرم یاترا مہا سنگھ کے قومی صدر بھی تھے۔ گرگ نے اپنی موت کے بعد اپنا جسم عطیہ کرنے کا عہد کیا تھا۔ ان کے بیٹے ستیش گرگ نے بتایا کہ جسد خاکی کو ساڑھے گیارہ بجے دہلی بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں لوگوں کے آخری دیدار کیلئے رکھا جائے گا، اس کے بعد گرگ کی مرضی کے مطابق ’ددھيچ دیہہ دان سنستھا‘ کے حوالے کر دیا جائے گا۔


گرگ کے انتقال پر راج ناتھ اور نڈا کا اظہار تعزیت

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور پارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین جے پی نڈا نے پارٹی کی دہلی یونٹ کے سابق ریاستی صدر مانگے رام گرگ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ کرکے کہا ’’پارٹی کے سینئر لیڈر گرگ کے انتقال سے پارٹی نے ایک محنتی کارکن اور موثر تنظیم ساز کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے میں کافی بڑا رول ادا کیا۔ ان کاجانا افسوسناک ہے۔ میں ان کے غمزدہ خاندان کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔


نڈا نے ٹویٹ کر کےکہا ’’گرگ جی کے انتقال سے دل بہت غمزدہ ہے. ان کا انتقال تنظیم کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ میں غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور آنجہانی کی روح کی شانتی کے لئے ایشور سے دعا کرتا ہوں۔اوم شانتی‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔