’بی جے پی کی تاناشاہی جو برداشت نہیں کرے گا، اسے جیل میں ڈال دیا جائے گا‘

راج ببر نے الزام لگایا کہ ان دنوں قانون نافذ کرانے والی ایجنسیاں ویسا ہی کر رہی ہیں جیسا بی جے پی کے لیڈر کروانا چاہتے ہیں۔ کیونکہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں تانا شاہی کا عالم ہے۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راج ببر نے بنگلور کے ریسارٹ میں ٹھہرے مدھیہ پردیش کے کانگریس ممبران اسمبلی سے ملاقات کرنے گئے پارٹی رہنما دگوجے سنگھ کو حراست میں لینے کو تانا شاہی قرار دیتے ہوئے بدھ کو کہا کہ جو اس طرح کا ظلم برداشت نہیں کرے گا اسے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔

راج ببر نے پارلیمنٹ کے احاطے میں صحافیوں کو بتایا کہ دگوجے سنگھ پارٹی کے سینئر لیڈر ہیں، وہ مدھیہ پر دیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا کے رکن ہیں، اگر وہ اپنے ساتھ کام کر چکے ممبران اسملی سے ملاقات کرنے بنگلور کے ایک ریسارٹ میں جاتے ہیں تو انہیں مدھیہ پردیش کے عوامی نمائندوں سے ملاقات کی اجازت دینے میں کیا پریشانی ہے۔ اگر دگوجے سنگھ ان لوگوں سے بات کر کے اختلافات دور کرنا چاہتے ہیں تو اس میں کسی کو کیا دقت ہو سکتی ہے۔


راجیہ سبھا رکن راج ببر نے کہا کہ کس قانون کے تحت دگوجے سنگھ کو ریسارٹ میں ٹھہرے ممبروں سے ملنے نہیں دیا گیا اور انہیں حراست میں لیا گیا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ان دنوں قانون نافذ کرانے والی ایجنسیاں ویسا ہی کر رہی ہیں جیسا بی جے پی کے لیڈر کروانا چاہتے ہیں۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں تانا شاہی کا عالم ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دگوجے سنگھ بنگلور کے ایک ریسارٹ میں ٹھہرے ہوئے مدھیہ پردیش کے 22-21 ارکان اسمبلی سے ملاقات کرنے گئے تھے جہاں انھیں حراست میں لے لیا گیا۔ اس معاملے کے تعلق سے کانگریس ممبران نے آج راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات شروع ہوتے ہی زبر دست ہنگامہ کیا جس سے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */