’تاناشاہی کے خلاف سب لوگ 19 اگست کو پٹنہ میں جمع ہوں‘، ’راج بھون مارچ‘ سے قبل لالو پرساد یادو کی عوام سے اپیل
لالو پرساد یادو نے کہا کہ ’’تمام طلبہ و نوجوان طاقت پیپر لیک، بدحال تعلیمی نظام، جانبدارانہ بھرتی کے عمل اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ اس تاناشاہی کے خلاف تمام لوگ 19 اگست کو پٹنہ میں جمع ہوں۔‘‘

راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) نے 19 اگست کو طلبہ کے مسائل، بے روزگاری اور سیوان میں اے کے-47 سے ہوئی فائرنگ کی مخالفت میں راج بھون مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے نوجوانوں اور طلبہ سے بڑی تعداد میں اس مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد تیجسوی یادو نے پیر کو ’ایکس‘ پر پوسٹ کر راج بھون مارچ کا اعلان کیا تھا۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے بھی آج ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے بہار حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہار کے طلبہ اور نوجوان پیپر لیک، ناقص تعلیمی نظام، بھرتی کے عمل میں امتیازی سلوک اور بے روزگاری سے تنگ آ چکے ہیں۔
لالو پرساد یادو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’تمام طلبہ و نوجوان طاقت پیپر لیک، بدحال تعلیمی نظام، جانبدارانہ بھرتی کے عمل اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ لوٹ کھسوٹ کے نظام سے بنی مغرور حکومت ان کے جمہوری مطالبات کو سننے کے بجائے اے کے-47 سے گولیاں برساتی ہیں، جو سراسر ناانصافی ہے۔ اس تاناشاہی کے خلاف تمام لوگ 19 اگست کو پٹنہ میں جمع ہوں۔‘‘
دوسری جانب تیجسوی یادو نے پیر کو ’ایکس‘ پر حکومت سے کئی تلخ سوالات کیے تھے، جن میں انہوں نے پوچھا تھا کہ ’’بہار میں کوئی بھی امتحان بغیر پیپر لیک کے کیوں نہیں ہوتا؟ کیا نوکری میں غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخاب ہوتا ہے؟ بہار تعلیمی شعبے میں مسلسل پیچھے کیوں ہے؟ کیا بھرتی کے عمل میں امتیازی سلوک جانبداری نہیں ہوتی؟ ملک کی سب سے نوجوان ریاست سب سے زیادہ بے روزگار کیوں ہے؟ جمہوری طریقے سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے طلبہ پر اے کے-47 سے گولیاں کس نے چلوائیں؟‘‘ اپنی پوسٹ میں تیجسوی یادو مزید لکھتے ہیں کہ ’’ان تمام سوالات کا جواب لینے کے لیے آئیے ہم سب نوجوان متحد ہو کر 19 اگست کو اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں اور لوٹ کھسوٹ کے نظام سے بنی حکومت کی جوابدہی طے کریں۔ جے ہند! جے بہار! چھاتر شکتی زندہ باد! یووا شکتی زندہ باد!‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
