’یہاں کا ہر طالب علم جانتا ہے کہ سسٹم بے ایمان ہو چکا ہے‘، پریاگ راج پہنچنے سے قبل راہل گاندھی نے جاری کیا پیغام
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کوٹا میں طلبا بولے، دہرادون میں پھر آواز اٹھی، اور دہلی میں انہی بچوں پر لاٹھیاں چلیں۔ آخر میں ایک وزیر کو جانا پڑا۔ یہ حکومت جھکتی ہے، بس آواز ایک ساتھ اٹھنی چاہیے۔‘‘

’’پریاگ راج آ رہا ہوں... ملک کے اس شہر میں جہاں سب سے زیادہ نوجوان تیاری کرتے ہیں۔ ایک بات صاف ہے... یہاں کر ہر طالب علم جانتا ہے کہ سسٹم بے ایمان ہو چکا ہے۔ آپ کی محنت میں کوئی کمی نہیں، کمی اس سسٹم کی نیت میں ہے جو آپ کی محنت کی قیمت نہیں دیتی۔ پیپر لیک، رکی ہوئی تقرریاں، سالوں کا انتظار اور جوابدہی کسی کی نہیں۔‘‘ یہ بیان لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری کیا ہے۔
دراصل راہل گاندھی 8 اگست کو ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں شامل ہونے اتر پردیش کے پریاگ راج پہنچ رہے ہیں۔ اس پروگرام کو لے کر گزشتہ دنوں زبردست تنازعہ دیکھنے کو ملا اور ایسا لگ رہا تھا جیسے تقریب منعقد کرنے کی اجازت انتظامیہ نہیں دے گی۔ حالانکہ کانگریس کے لیڈران ’چھاتروں کی گونج‘ پریاگ راج میں منعقد کرنے پر بضد رہے اور سبھی اصول و ضوابط کو پورا کرتے ہوئے آخر کار انتظامیہ سے اجازت نامہ حاصل کر ہی لیا۔ پریاگ راج کے ’کے پی گراؤنڈ‘ میں یہ تقریب ہفتہ کی شام 5 بجے سے 8.30 بجے تک ہونا ہے۔
بہرحال، راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے پیغام میں طلبا کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کوٹا میں طلبا بولے، دہرادون میں پھر آواز اٹھی، اور دہلی میں انہی بچوں پر لاٹھیاں چلیں... صرف سوال پوچھنے کے لیے۔ آخر میں ایک وزیر کو جانا پڑا۔ یہ حکومت جھکتی ہے، بس آواز ایک ساتھ اٹھنی چاہیے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’کل پریاگ راج میں یہی بات کرنے آ رہا ہوں۔ آپ بھی آئیے۔ 8 اگست، شام 5 بجے، کے پی گراؤنڈ، پریاگ راج۔‘‘ اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ ’’آج کے ہندوستان میں تعلیم اور روزگار کے جو حالات ہیں، ان میں طلبا کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ہمیں اسے مل کر بدلنا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یوپی کانگریس صدر اجئے رائے نے میڈیا کو جو جانکاری دی ہے، اس کے مطابق راہل گاندھی خصوصی طیارہ سے 8 اگست کی دوپہر 2 بجے پریاگ راج کے لیے روانہ ہوں گے۔ 3.30 بجے وہ پریاگ راج ایئرپورٹ سے سڑک کے راستہ آنند بھون جائیں گے اور پھر شام میں ’چھاتروں کی گونج‘ میں شرکت کے لیے ’کے پی گراؤنڈ‘ پہنچیں گے۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ راہل گاندھی کے پی گراؤنڈ سے ہی پریاگ راج ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے اور 9.30 بجے خصوصی طیارہ سے دہلی کے لیے پرواز بھریں گے۔
