دہلی تشدد: فورنسک ٹیم کے جائے حادثہ پر پہنچنے سے پہلے میڈیا نے ثبوتوں کا کیا پوسٹ مارٹم

طاہر حسین کے گھر پر پتھر اور پٹرول بم ملے تھے، جس کے بعد ان پر ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ لیکن فورنسک ٹیم سے پہلے نیوز چینل والے طاہر حسین کے گھر پہنچے اور ثبوتوں کے ساتھ ٹی آر پی کا کھیل کھیلنے لگے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شمال مشرقی دہلی میں پیدا فسادات نے اب تک 42 لوگوں کی جان لے لی اور اس پورے معاملے کی جانچ کے لیے باضابطہ ایس آئی ٹی تشکیل بھی دے دی گئی ہے۔ لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ فورنسک ٹیم سے پہلے کئی مقامات پر میڈیا والے پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ایسے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ضروری اور اہم چیزوں سے چھیڑ چھاڑ ہو گئی ہے۔ دراصل دہلی فورنسک سائنس لیباریٹری کی ایک ٹیم چاند باغ علاقے میں کونسلر طاہر حسین کی فیکٹری سے ثبوت جمع کرنے کے لیے پہنچی۔ عآپ سے نکالے گئے طاہر حسین پر دہلی میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے افسر انکت شرما کے قتل میں شامل رہنے اور فساد بھڑکانے کا الزام ہے۔ جمعرت کو طاہر حسین کے گھر پر پتھر اور پٹرول بم ملے تھے، جس کے بعد ان پر ایف آئی درج کر لی گئی۔ لیکن فورنسک ٹیم سے پہلے نیوز چینل والے طاہر حسین کے گھرپہنچے اور ثبوتوں کے ساتھ ٹی آر پی کا کھیل کھیلنے لگے۔

بتایا جاتا ہے کہ طاہر کے گھر پر کئی ایسی چیزیں ملیں جو اہم ثبوت بن سکتے تھے، لیکن چینل کے رپورٹروں نے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے معاملہ خراب کر دیا۔ اس معاملے میں پولس کی لاپروائی بھی سامنے آ رہی ہے۔ خبر میں آنے کے بعد بھی پولس نے وہاں جا کر ان چیزوں کی جانچ کی زحمت نہیں اٹھائی۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا رپورٹروں کے ذریعہ کوریج کے نام پر طاہر حسین کی چھت پر ملی چیزوں کو ہاتھ سے اٹھا کر ادھر ادھر رکھنے سے اصلی گنہگاروں تک پہنچنا مشکل نہیں ہو جائے گا۔


واضح رہے کہ طاہر ھسین کے گھر پر پتھر اور پٹرول بم ملے تھے، جس کے بعد کل رات ان پر دیال پور پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ طاہر حسین پر دہلی پولس نے آئی پی سی کی دفعہ 302 ّ(قتل کی سزا) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ طاہر حسین پر انٹیلی جنس بیورو کے افسر انکت شرما کے قتل کا الزام ہے۔ اسی معاملے کی جانچ کے لیے دہلی فورنسک سائنس لیباریٹری کی ایک ٹیم 28 فروری کو چاند باغ علاقہ میں کونسلر طاہر حسین کی فیکٹری اور گھر سے ثبوت جمع کرنے پہنچی۔

غور طلب ہے کہ انکت شرما کے گھر والوں نے مقامی کونسلر طاہر حسین پر قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ طاہر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ الزام غلط ہے۔ جس وقت یہ پورا واقعہ ہوا وہ اپنے گھر سے نکل کر کسی رشتہ دار کے یہاں چلا گیا تھا۔ عآپ کونسلر طاہر حسین نے اپنے ایک رشتہ دار کے گھر سے ویڈیو جاری کر خود کو بے قصور بتایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔