ای پی ایف او نے ایڈوانس کلیم کے لیے خودکار تصفیے کی حد بڑھا کر 5 لاکھ روپے کی
ای پی ایف او نے ایڈوانس کلیم کے خودکار تصفیے کی حد 1 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی ہے، جس سے 72 گھنٹوں میں رقم مل سکے گی۔ یہ قدم فوری مالی ضرورت میں مددگار ہوگا

ای پی ایف او / آئی اے این ایس
نئی دہلی: ملازمین کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ایمپلائی پوویڈنٹ فنڈ آرگینائزیشن (ای پی ایف او) نے ایڈوانس کلیم کے خودکار تصفیے (آٹو سیٹلمنٹ) کی حد کو موجودہ 1 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا ہے۔ یہ اطلاع مرکزی وزارتِ محنت و روزگار کی جانب سے دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق، یہ اقدام ای پی ایف او کی جانب سے اپنی خدمات کو بہتر بنانے اور ارکان کو بروقت مالی امداد فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس فیصلے کے بعد ارکان کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک کا کلیم 72 گھنٹوں کے اندر خودکار طریقے سے حاصل ہو سکے گا، خاص طور پر اس وقت جب انہیں فوری مالی مدد کی ضرورت ہو۔
مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار، منسکھ مانڈویہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس پیش رفت کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2024-25 میں ای پی ایف او نے آٹو سیٹلمنٹ کے ذریعے اب تک ریکارڈ 2.32 کروڑ ایڈوانس کلیمز کو کامیابی سے پروسیس کیا ہے۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 161 فیصد کا اضافہ ہے۔
وزیر کے مطابق، مالی سال 2023-24 میں ای پی ایف او نے 89.52 لاکھ ایڈوانس کلیمز کو خودکار طریقے سے نمٹایا تھا، جب کہ 2024-25 میں یہ تعداد کئی گنا بڑھ گئی۔ اس سال اب تک نمٹائے گئے تمام ایڈوانس کلیمز میں سے 59 فیصد کلیمز خودکار نظام کے ذریعے مکمل کیے گئے ہیں۔
ای پی ایف او نے اپنے اس رجحان کو جاری رکھتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے ابتدائی 2.5 ماہ کے دوران ہی 76.52 لاکھ کلیمز کا خودکار تصفیہ کیا ہے، جو اس عرصے کے تمام کلیمز کا تقریباً 70 فیصد ہے۔ ای پی ایف او کی یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ ادارہ خودکار نظام کو فروغ دے کر اپنے ارکان کو زیادہ تیز اور مؤثر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ای پی ایف او نے خودکار ایڈوانس کلیمز کی سہولت سب سے پہلے کورونا وبا کے دوران شروع کی تھی تاکہ ارکان کو ہنگامی حالات میں فوری مالی مدد فراہم کی جا سکے۔ بعد ازاں اس سہولت کو بیماری، تعلیم، شادی اور مکان کے لیے درکار ایڈوانس کلیمز تک وسعت دی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔