دہلی: وزیر ماحولیات گوپال رائے نے اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر ریڈ لائٹ پر بیداری مہم چلائی

گوپال رائے نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ دہلی کے اندر جو آلودگی پیدا ہوتی ہے، اس کو روکنے کے لیے لوگوں کو بیدار کیا جائے، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں عوامی شرکت داری مہم جاری ہے۔

گوپال رائے، تصویر ٹوئٹر@AapKaGopalRai
گوپال رائے، تصویر ٹوئٹر@AapKaGopalRai
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے اراکین اسمبلی کے ساتھ جمعرات کو چاندگی رام اکھاڑا ریڈ لائٹ پر آلودگی کے خلاف بیداری مہم چلائی۔ گوپال رائے نے اراکین اسمبلی کے ساتھ چاندگی رام اکھاڑا ریڈ لائٹ کا دورہ کیا۔ ریڈ لائٹ آن گاڑی آف مہم کے تحت اراکین اسمبلی کے کے ساتھ مل کر لوگوں کو بیدار کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بارش ہونے سے آلودگی کی سطح کم ہوئی ہے، کیونکہ گردو نوح پرالی جلنا بند ہو گئی تھی۔ اب دھوپ کھلنے سے پرالی جلانے کے واقعات بڑھ جائیں گے۔ یقینی طور پر پرالی جلانے کا اثر دہلی پر پڑے گا۔

گوپال رائے نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ دہلی کے اندر جو آلودگی پیدا ہوتی ہے، اس کو روکنے کے لیے لوگوں کو بیدار کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں عوامی شرکت داری مہم جاری ہے۔ اس کو ہم آگے بڑھا رہے ہیں۔ دہلی کے اراکین اسمبلی یہاں لوگوں کو بیدار کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ اس کے بعد اب 25 اکتوبر کو دہلی کے کونسلر بارکھمبا روڈ پر عوامی بیداری مہم چلائیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ پوری دہلی مل کر دہلی کے اندر آلودگی کو کم کرے۔


وزیر ماحولیات نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی یہاں موجود ہیں، لیکن دیگر پارٹیوں کے اراکین اسمبلی نہیں آئے ہیں۔ اطلاع سبھی کو دی گئی تھی۔ حکومت عوامی شرکت پر زور دے رہی ہے اور انٹی ڈسٹ مہم سمیت دیگر مہم چلا رہی ہے۔ اس میں لوگوں کی حصہ داری بڑھے اور اپنے حصے کی آلودگی کو مل کر کم کریں۔ 25 اکتوبر کو کونسلروں کے ساتھ مل کر ہم اس مہم کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کل دہلی کے تمام ایس ڈی ایم اور ڈی پی سی سی کے ساتھ مشترکہ میٹنگ ہوگی۔ اس مہم کو محلہ سطح تک لے جائیں گے۔ میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کی بنیاد پر ہم ایکشن پلان بنا کر اس مہم کو دہلی میں بڑے پیمانے پر چلائیں گے۔

گوپال رائے نے کہا کہ انٹی ڈسٹ مہم کے تحت 7 اکتوبر سے کام شروع کر دیا ہے اور آلودگی کے سلسلے میں کام کر رہے ہیں۔ دہلی کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے جو کرنا پڑے گا، وہ سب کچھ کریں گے۔ مرکزی حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ریاستوں سے بات کر کے فوری طور پر پرالی کو جلانے سے روکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔