صوفی گلوکار راحت فتح علی خان پر کرنسی اسمگلنگ کا الزام، ای ڈی نے جاری کیا نوٹس

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ جاری نوٹس راحت فتح علی خان کے لیے کسی بری خبر سے کم نہیں ہے کیونکہ اگر جانچ ایجنسی ان کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی تو انھیں اسمگلنگ کی رقم پر 300 فیصد جرمانہ دینا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

صوفیانہ شاعری کے لیے پوری دنیا میں مشہور پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے نام ہندوستان کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک انتہائی سنگین معاملے میں نوٹس جاری کیا ہے۔ بالی ووڈ کے کئی رومانی نغموں کو اپنی آواز کے ذریعہ لافانی بنا دینے والے راحت فتح علی خان کو یہ نوٹس ایف ای ایم اے (فورین ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ) کی خلاف ورزی کے لیے بھیجا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ انھوں نے ہندوستان میں بیرون ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کی ہے اور اس سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ اس سلسلے میں بہت زیادہ تفصیل ابھی حاصل نہیں ہو سکی ہے لیکن یہ ضرور بتایا جا رہا ہے کہ راحت فتح علی خان نے غیر قانونی طریقے سے 340000 یو ایس ڈالر کمائے تھے اور اس میں سے انھوں نے 225000 ڈالر کی اسمگلنگ کی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ جاری کردہ نوٹس راحت فتح علی خان کے لیے کسی بری خبر سے کم نہیں ہے کیونکہ اگر جانچ ایجنسی ان کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی تو انھیں اسمگلنگ کی رقم پر 300 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ اتنا ہی نہیں، انھیں ’لُک آؤٹ‘ نوٹس بھی جاری کیا جا سکتا ہے، اور ساتھ ہی ہندوستان میں ان کے پروگرام پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔ یہ باتیں راحت فتح علی خان اور ان کے شیدائیوں کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ 2011 میں راحت فتح علی خان کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر تقریباً 1.25 لاکھ ڈالر کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت راحت ان پیسوں سے جڑے کوئی دستاویز نہیں دکھا پائے تھے۔ گلوکار کے ساتھ موجود ان کے منیجر کو بھی پولس نے حراست میں لیا تھا۔ اس وقت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیس درج کر کے راحت کو پوچھ تاچھ کے لیے نوٹس بھی جاری کیا تھا لیکن اس جانچ میں انھوں نے تعاون نہیں کیا۔ اسی درمیان ان کے پیسے بدلوانے والے منیجر کی موت بھی ہو گئی جس کے سبب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانچ میں تاخیر ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔