وادی کشمیر: کولگام میں مسلح تصادم، ایک ملی ٹینٹ اور ڈی ایس پی ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے تری گام میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان مسلح تصادم میں ایک ڈی ایس پی اور ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں، تصادم کے دوران دو فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے تری گام میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان جاری مسلح تصادم میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولس (ڈی ایس پی) اور ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں۔ تصادم کے دوران دو فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے تری گام کولگام میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کو دوپہر کے وقت کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز کی پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ فوج کا ایک افسر زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈی ایس پی آپریشنز امان ٹھاکر شدید طور پر زخمی ہوئے، اگرچہ انہیں اسپتال لے جایا گیا تاہم انہیں وہاں مردہ قرار دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں رکھا گیا ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع کولگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرا دی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Feb 2019, 5:30 PM