کورونا پروٹوکول کے باعث عازمین حج کے امبارکیشن پوائنٹس کم ہوئے:نقوی

امبارکیشن پوائنٹس کی فہرست میں چنئی کو شامل نہ کئے جانے کے معاملے پر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کورونا وبا کے پروٹوکول کی وجہ سے عازمین حج کے لیے امبارکیشن پوائنٹس کی تعداد 21 سے کم کر کے 10 کر دی گئی ہے۔

وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ اس بار عازمین حج 21 امبارکیشن پوائنٹس کے بجائے 10 مقامات سے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق پروٹوکول کی وجہ سے امبارکیشن پوائنٹس کوکم کیاگیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران دو سال سے حج نہیں ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ہی عازمین حج کا کوٹہ بڑھا ہے۔ انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ عازمین حج ہندوستان سے جاتے ہیں۔ توقع ہے کہ اس سال حج کاسفرہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اعلیٰ حکام اور ایجنسیاں سعودی عرب کی حکومت سے بات کر رہی ہیں۔ وہاں جو بھی پروٹوکول ہوگا ہمیں اس پر عمل کرنا ہوگا۔

دراوڑ منیتر کزگم کے ٹی آر بالو نے امبارکیشن پوائنٹس کم کئے جانے کے بارے میں سوال پوچھا تھا۔ مسٹر بالو نے کہا کہ عازمین حج کے لئے امبارکیشن پوائنٹس کی فہرست میں چنئی کو شامل نہ کئے جانے کے معاملے پر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا تھا، لیکن اقلیتی امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ اس سے تمل ناڈو حکومت کی جانب سے درخواست نہیں کی گئی۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ اس معاملے کے تعلق سے ڈی ایم کے ارکان ہنگامہ کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کرنے لگے۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کو لکھا گیا خط بھی ایوان میں دکھایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔