کرکرے کے بعد بابری مسجد پر بیان: پرگیہ ٹھاکر کو الیکشن کمیشن کا ایک اور نوٹس جاری

پرگیہ سنگھ نے کہا ہے ’’رام مندر، ہم بنائیں گے اور خوبصورت مندر بنائیں گے، ہم توڑنے گئے تھے ڈھانچہ، میں نے چڑھ کر توڑا تھا ڈھانچہ، اس پر مجھے زبردست فخر ہے‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے مہاراشٹر پولس کے سینئر افسر ہیمنت کرکرے کے بارے میں دیئے گئے بیان کے بعد بھوپال پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر اب ایودھیا کے بابری مسجد-رام مندر مسئلے پر دیئے گئے بیان کو لے کر زیر بحث آ گئی ہے۔

ایودھیا کے بابری مسجد-رام مندر معاملہ پر دیئے گئے بیان کے بعد بھوپال ضلع الیکشن افسر نے بی جے پی امیدوار کو کل فوراً نوٹس جاری کرکے ایک دن میں جواب پیش کرنے کے لئے کہا ہے۔ اس سے قبل ضلع الیکشن افسر نے شہید ہیمنت کرکرے کے بارے میں دیئے گئے بیان پر بھی نوٹس جاری کر کے ان سے ایک دن میں جواب مانگا گیا ہے۔

نوٹس میں پرگیہ سنگھ کے ٹی وی چینل پر آئے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معلوم ہوتی ہے، اس سلسلے میں وہ ایک دن میں اپنی وضاحت پیش کریں، دوسری صورت میں یک طرفہ کارروائی کی جائے گی۔

نوٹس کے مطابق پرگیہ سنگھ نے کہا ہے ’’رام مندر، ہم بنائیں گے اور خوبصورت مندر بنائیں گے، ہم توڑنے گئے تھے ڈھانچہ، میں نے چڑھ کر توڑا تھا ڈھانچہ، اس پر مجھے زبردست فخر ہے۔ مجھے ایشور نے طاقت دی تھی، ہم نے ملک کا کلنک مٹایا ہے‘‘ پرگیہ کے کل دیئے گئے بیان کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، اس میں وہ کہتی ہوئی سنی جا رہی ہیں کہ کاہے کا متنازعہ ڈھانچہ۔ وہ رام جی کا مندر ہے۔ خوبصورت مندر بنانے سے مجھے کوئی نہیں روك سکتا ہے، خیال رہے اس سے قبل پرگیہ نے شہید ہیمنت کرکرے پر بیان دیا تھا اور تنقید کے بعد انہوں نے اسے واپس لے کر معافی مانگ لی تھی۔

واضح رہے پرگیہ ٹھاکر کو بی جے پی نے بھوپال سے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کے مقابلے پر اتارا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔