الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخاب سے قبل ووٹر لسٹ کو درست کرنے کی سرگرمیاں شروع کیں، 3 اعلانات پیش نظر
الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کو زیادہ معیاری اور بھروسہ مند بنانے کے لیے 3 نئے اعلانات پر عمل شروع کر دیا ہے۔ اس کا مقصد ووٹنگ کا عمل لوگوں کے لیے آسان بنانا ہے۔

الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس
بہار میں اسمبلی انتخاب رواں سال کے آخر تک ہونا ہے۔ اس تعلق سے تاریخ کا اعلان ابھی ہوا نہیں ہے، لیکن الیکشن کمیشن کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کو زیادہ معیاری اور بھروسہ مند بنانے کے مقصد سے 3 نئے اعلانات پر پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ اس کا مقصد ووٹنگ کا عمل لوگوں کے لیے آسان اور بھروسہ مند بنانا ہے۔
دراصل مارچ 2025 میں الیکشن کمیشن کے افسران کی میٹنگ ہوئی تھی، جس میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمشنرز ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو و ڈاکٹر وویک جوشی بھی موجود تھے۔ اس میٹنگ میں 3 اہم اعلانات کیے گئے تھے، جس پر اب عمل شروع ہو چکا ہے۔ تینوں اعلانات اور اس کی اہمیت ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں۔
1. مردہ لوگوں کا ریکارڈ الیکٹرانک طریقے سے ملے گا
سب سے پہلا اعلان موت سے متعلق رجسٹریشن کے ڈاٹا کو لے کر کیا گیا ہے۔ اس کے تحت اب الیکشن کمیشن کو رجسٹرار جنرل آف انڈیا سے مردہ لوگوں کا ریکارڈ براہ راست الیکٹرانک طریقے سے ملے گا۔ اس سے یہ یقینی ہوگا کہ مہلوکین کے نام وقت پر ووٹر لسٹ سے ہٹائے جائیں۔ اس کے بعد بی ایل او (بوتھ لیول افسر) فیلڈ میں جا کر جانکاری کی دوبارہ جانچ کر سکیں گے۔ یہ عمل بغیر کسی رسمی شکایت کے انجام پائے گا۔
2. ووٹر انفارمیشن سلپ اب مزید آسان ہوگا
دوسرے اعلان کے تحت ووٹر سلپ کو ووٹرس کے لیے مزید موافق بنایا جائے گا۔ ووٹر کا سیریل نمبر اور پارٹ نمبر اب بڑے حروف میں نظر آئے گا، جس سے ووٹرس کے لیے اپنا پولنگ اسٹیشن پہچاننا آسان ہوگا اور الیکٹورل افسران بھی جلد نام تلاش کر سکیں گے۔
3. بی ایل او کو دیے جائیں گے شناختی کارڈ
تیسرا اعلان ہر بی ایل او کو ایک اسٹینڈرڈ فوٹو شناختی کارڈ دیے جانے سے متعلق ہے۔ اس عمل کے بعد وہ جب بھی گھر گھر جا کر ووٹرس سے ملاقات کریں گے تو ووٹرس انھیں بہ آسانی پہچان پائیں گے۔ اس طرح ووٹرس بی ایل او سے بھروسہ کے ساتھ بات کر سکیں گے۔ اس معاملے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ سبھی اقدام اعتماد، شفافیت اور سہولت بڑھانے کی سمت میں ایک مضبوط کوشش ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔