نیتی آیوگ اَفسر راجیو کمار نے ’نیائے‘ منصوبہ کی تنقید کی تو الیکشن کمیشن نے چلایا ڈنڈا

کانگریس کے ذریعہ غریب خاندانوں کو 72 ہزار روپے دینے کے منصوبہ کی تنقید کرنے والے نیتی آیوگ نائب صدر راجیو کمار سے الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا ہے اور ان سے اس بیان پر وضاحت طلب کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انتخابی کمیشن نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے ذریعہ اعلان کردہ کم از کم آمدنی منصوبہ یعنی ’نیائے‘ کی تنقید کرنے والے نیتی آیوگ نائب صدر راجیو کمار کو نوٹس جاری کیا ہے۔ انتخابی کمیشن نے ایک نوٹس بھیج کر راجیو کمار سے اس بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔ دراصل راجیو کمار نے راہل گاندھی کے اعلان کے بعد کہا تھا کہ کانگریس پارٹی انتخاب جیتنے کے لیے کچھ بھی کہہ اور کر سکتی ہے۔

راجیو کمار نے یہ بیان اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کیا تھا۔ انھوں نے واضح لفظوں میں لکھا تھا کہ کانگریس صدر کی مجوزہ کم از کم آمدنی منصوبہ (نیائے) سے سرکاری خزانے کا خسارہ بڑھے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انتخابات میں فتح کے لیے یہ پہلے بھی وعدے کرتے رہے ہیں۔ راجیو کمار نے ایک دیگر ٹوئٹ میں یہاں تک لکھ دیا تھا کہ نیائے منصوبہ پر جی ڈی پی کا 2 فیصد پیسہ خرچ ہوگا اور بجٹ کا 13 فیصد۔ اس سے اصل ضرورت مندوں کی ضرورتیں پوری نہیں ہوں گی۔

نیتی آیوگ نائب صدر نے اس کے بعد پھر ایک اخبار میں شائع خبر کو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجوزہ منصوبہ معاشی، مالی ڈسپلن اور عمل درآمد کے امتحان کو پاس نہیں کر سکی ہے۔ اس طرح کے تبصروں پر ہی انتخابی کمیشن نے راجیو کمار سے وضاحت طلب کی ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت برسراقتدار طبقہ کے حق میں سرکاری گاڑیوں، مشینری اور ملازمین کے استعمال پر پابندی ہے۔ 10 مارچ کو لوک سبھا انتخاب کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔ اس کا مقصد انتخاب کے دوران سبھی سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کے لیے یکساں نظام نافذ کرنا ہے۔ راجیو کمار کے بیان کو بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ ان سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا جواب دو دن کے اندر پیش کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Mar 2019, 10:09 AM