بی جے پی رکن اسمبلی پر چلا الیکشن کمیشن کا چابک، فیس بک سے اَبھینندن کی تصویر ہٹانے کا حکم

الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے رکن اسمبلی اوم پرکاش شرما پر سختی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ونگ کمانڈر ابھینندن کی تصویر ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر اسٹرائیک اور ابھینندن کی تصاویر کا انتخابی تشہیر کے لئے استعمال نہ کیا جائے، تاہم بی جے پی رہنما ان تصاویر کا استعمال کرنے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں بی جے پی کے دہلی کے رکن اسمبلی اوم پرکاش شرما پر الیکشن کمیشن نے چابک چلایا ہے۔

الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے رکن اسمبلی اوم پرکاش شرما کو سوشل نیٹورکنگ سائٹ فیس بک پر شیئر کی گئی ونگ کمانڈر ابھینندن کی تصویر ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ الیکشن کمیشن کی توجہ خاص طور سے سوشل میڈیا پر بھی مرکوز ہے۔

اطلاعات کے مطابق یکم مارچ کو دہلی سے بی جے پی رکن اسمبلی اوم پرکاش شرما نے دو پوسٹر شیئر کیے تھے۔ ان دونوں پوسٹروں میں ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان، وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ کی تصویر موجود تھی۔ اوم پرکاش شرما نے ابھینندن کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’مودی جی کا اتنے کم وقت میں بہادر ابھینندن کو واپس لانا ہندوستان کی بہت بڑی جیت ہے۔ ‘‘ دوسرے پوسٹر میں لکھا گیا تھا، ’’جھک گیا پاکستان، لوٹ آیا ملک کا ویر جوان۔‘‘

وہیں، اس معاملہ پر او پی شرما نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن نے منگل کی شب 12 مارچ کو مجھے نوٹس بھیجا ہے۔ یہ پوسٹ لوک سبھا کی تاریخوں کا اعلان ہونے سے پہلے کی گئی تھی۔ میں سمجھ نہیں پا رہا ہوں کہ الیکشن کمیشن کس طرح کام کر رہا ہے!‘‘

خبروں کے مطابق الیکشن کمیشن کو اس کے موبائل ایپ سی-ویجل کے ذریعے شکایت موصول ہوئی تھی۔ اس ایپ کو لانچ کیے جانے کے موقع پر الیکشن کمیشن نے دعوی کیا تھا کہ شکایت ملنے کے 100 منٹ کے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ کوئی بھی جماعت اپنے بینر، پوسٹر میں ہندوستانی فوج یا کسی جوان کی تصویر کا استعمال نہ کرے۔ الیکشن کمیشن نے اس کے لئے سوشل نیٹورکنگ سائٹ فیس بک اور ٹوئٹر کو بھی لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے 10 مارچ کو لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کے ساتھ ہی مثالی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہو گیا۔ لوک سبھا انتخابات کے لئے 11 اپریل سے 19 مئی کو 7 مراحل میں پولنگ ہونی ہے۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی 2019 کو کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Mar 2019, 5:09 PM