الیکشن کمیشن نے آسام میں بھی ’ایس آئی آر‘ کرانے کا حکم کیا جاری، یکم جنوری تک جڑ سکیں گے نئے نام
دی گئی جانکاری کے مطابق 22 نومبر سے 20 دسمبر تک گھر گھر جا کر سرٹیفکیشن کا عمل انجام دیا جائے گا۔ ووٹر لسٹ کا جوائنٹ ڈرافٹ 27 دسمبر کو شائع ہوگا اور حتمی لسٹ 10 فروری 2026 کو جاری ہوگی۔

ووٹرس کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ’ایس آئی آر‘ پر اپوزیشن پارٹیاں لگاتار اعتراض کر رہی ہیں، لیکن الیکشن کمیشن اسے پورے ملک میں کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ 17 نومبر کو الیکشن کمیشن نے آسام میں بھی ایس آئی آر کرانے کا حکم جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ حتمی ووٹر لسٹ 10 فروری 2026 تک شائع کر دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آسام کے چیف الیکشن افسر کو ’ایس آئی آر‘ سے متعلق ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اس کے مطابق یکم جنوری 2026 وہ تاریخ ہوگی، جس کو سامنے رکھ کر ایس آئی آر کا عمل انجام دیا جائے گا۔ افسران کے مطابق یہ سالانہ خصوصی مختصر نظرثانی اور ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے درمیان کا عمل تصور کیا جا سکتا ہے۔
دی گئی جانکاری کے مطابق 22 نومبر سے 20 دسمبر تک گھر گھر جا کر سرٹیفکیشن کا عمل انجام دیا جائے گا۔ ووٹر لسٹ کا جوائنٹ ڈرافٹ 27 دسمبر کو شائع ہوگا اور حتمی لسٹ 10 فروری 2026 کو جاری ہوگی۔ ایس آئی آر کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کا رد عمل بھی سامنے آیا گیا ہے۔ انھوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کا استقبال کیا ہے اور کہا ہے کہ ریاستی حکومت ایس آئی آر میں مکمل تعاون کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آسام حکومت الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کا استقبال کرتی ہے، جس میں یکم جنوری 2026 کو بنیادی تاریخ مان کر ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کی بات کہی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’اس سے سبھی اہل شہریوں کے لیے واضح، تازہ ترین اور درست ووٹر لسٹ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ آسام حکومت الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون دے گی، تاکہ یہ نظرثانی شفاف اور وقت پر پورا ہو سکے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔