اسمبلی انتخابات: 5 ریاستوں کے لئے تاریخوں کا اعلان آج متوقع

راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور میزورم میں اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے جبکہ تلنگانہ کی اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے لہذا وہاں کے انتخابات کا بھی اعلان ہو سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الیکشن کمیشن آج 5 ریاستوں کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر سکتا ہے۔ کمیشن نے دوپہر 3 بجے پریس کانفرنس طلب کی ہے، امکان لگایا جا رہا ہے کہ اسی دوران تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور میزورم میں اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے جس کے سبب وہاں پر انتخابات ہونے طے ہیں جبکہ تلنگانہ کی اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے لہذا وہاں کے انتخابات کا بھی اعلان کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل اطلاع تھی کہ پیر یا منگل کے روز الیکشن کمیشن پریس کانفرنس طلب کرے گا اور تاریخوں کا فیصلہ کرے گا لیکن آج الیکشن کمیشن نے اچانک پریس کانفرنس بلانے کا فیصلہ لے لیا۔

مانا جا رہا ہے کہ کرناٹک چناؤ کی تاریخ پریس کانفرنس سے قبل ہی عوامی ہونے جانے کی وجہ سے کمیشن نے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ اسے پھر ایسی کسی غیر آرام دہ صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ کرناٹک اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کے حوالہ سے بی جے پی آئی ٹی سیل کی جانب سے الیکشن کمیشن کے اعلان سے قبل ہی تاریخوں کا انکشاف کر دیا گیا تھا۔

راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ جیسی بڑی ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے جبکہ میزورم میں کانگریس برسر اقتدار ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں اہم طور سے کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہی مقابلہ رہتا ہے۔ آئندہ انتخابات کے پیش نظر دنوں پارٹیاں خوب تشہیر بھی کر رہی ہیں۔ وہیں تلنگانہ میں چندرشیکھر کی ٹی آر ایس (تلنگانہ راشٹریہ سمیتی) کی حکومت تھی لیکن حال ہی میں انہوں نے صدر کو اپنا استعفی سونپ دیا تھا اور اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ چار ریاستوں کے مجوزہ انتخابات کے ساتھ یہاں بھی چناؤ کرائے جا سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Oct 2018, 11:05 AM