گجرات اور ہماچل پردیش میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان آج! الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس 3 بجے

آج انتخابی کمیشن تین بجے پریس کانفرنس کر گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن
user

قومی آوازبیورو

گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا آج اعلان ہو سکتا ہے۔ آج انتخابی کمیشن تین بجے پریس کانفرنس کرنے والا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس دوران انتخابات کی تاریخوں کے بارے میں تفصیل بتائی جائے گی۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق یہ پریس کانفرنس دہلی کے وگیان بھون میں ہوگی۔

واضح رہے کہ انتخابی کمیشن کے افسران انتخابی پروگرام کا اعلان کرنے سے پہلے اکثر ریاستوں کا دورہ کرتے ہیں۔ اس سے قبل بھی امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ انتخابی کمیشن دیوالی سے پہلے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر سکتا ہے۔ دراصل ہماچل پردیش میں 2017 میں 9 نومبر کو اسمبلی انتخاب ہوا تھا، جبکہ گجرات میں 9 اور 14 دسمبر کو دو مراحل میں انتخاب کرایا گیا تھا۔ یعنی ان دونوں ہی ریاست میں جلد ہی انتخابات کرائے جائیں گے۔


قابل ذکر ہے کہ 2017 کے انتخاب میں بی جے پی نے گجرات اسمبلی کی 182 میں سے 99 سیٹیں جیتی تھیں اور کانگریس نے 77 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ انتخاب کے بعد بی جے پی نے وجئے روپانی کو وزیر اعلیٰ بنایا تھا۔ حالانکہ ستمبر 2021 میں روپانی کی جگہ بھوپیندر پٹیل کو وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا تھا۔

دوسری طرف ہماچل پردیش اسمبلی کی 68 سیٹوں پر 2017 میں 9 نومبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ بی جے پی نے اس انتخاب میں 68 میں سے 44 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی۔ کانگریس کو 21 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ نتیجہ برآمد ہونے کے بعد جئے رام ٹھاکر کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔