پی ایم سی الیکشن میں شیوسینا لیڈر کا اے بی فارم چھین کر نگل گیا ایکناتھ شندے کا امیدوار، مقدمہ درج

ٹکٹ تقسیم اور اے بی فارم کے حوالے سے پونے میونسپل کارپوریشن کے کئی وارڈوں میں اس وقت زبردست افراتفری کا ماحول ہے۔ کئی سیٹوں پر ایک ہی پارٹی کے 2-2 امیدواروں کو فارم ملنے کی اطلاعات ہیں۔

ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے درمیان سیاسی سرگرمیاں اپنے شباب پر پہنچ گئی ہیں۔ اس دوران پونے میونسپل کارپوریشن (پی ایم سی) سے ایک عجیب وغریب واقعہ سامنے آیا ہے۔ پونے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ایکناتھ شندے کی پارٹی کے ایک امیدوار کے ذریعہ اپنی ہی پارٹی کے حریف امیدوار کا اے بی فارم پھاڑ کر نگل لینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں شیوسینا کے ہی امیدوار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ دھنکاواڑی سہکار نگر وارڈ آفس میں پیش آیا۔ بعد میں شیوسینا کے امیدوار ادھو کامبلے (34) کے خلاف بھارتی ودیا پیٹھ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پونے شہر کے وارڈ نمبر 34 میں 15 جنوری کو ہونے والے میونسپل انتخابات کے لیے شیوسینا کے دو امیدواروں کو اے بی فارم جاری کیے گئے تھے۔ اسی بات کو لے کر شیو سینا کے امیدواروں کامبلے اور مچھندر دھولے کے درمیان شدید بحث ہوئی۔


پولیس نے بتایا کہ بحث کے دوران کامبلے نے مبینہ طور پر دھولے کا اے بی فارم چھین لیا، اسے پھاڑ دیا اور پھینکنے کی بجائے اسےنگل لیا۔ انتخابی عمل کے دوران سرکاری فرائض کی ادائیگی میں رخنہ ڈالنے کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

معلوم ہو کہ پونے میونسپل کارپوریشن سمیت مہاراشٹر کے 29 میونسپل کارپوریشنوں میں 15 جنوری کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس الیکشن میں اپنی نامزدگی داخل کرنے کے لیے امیدواراے بی فارم پُر کرتے ہیں۔ فارم ’اے‘ اور ’بی‘ وہ ضروری دستاویزات ہیں جن کے تحت کوئی سیاسی جماعت سرکاری طور پر کسی شخص کو الیکشن میں اپنا امیدوار قرار دیتی ہے۔


واضح رہے کہ ٹکٹ تقسیم اور اے بی فارم کے حوالے سے پونے میونسپل کارپوریشن کے کئی وارڈوں میں اس وقت زبردست افراتفری کا ماحول ہے۔ کئی سیٹوں پر ایک ہی پارٹی کے 2-2 امیدواروں کو فارم ملنے کی اطلاعات ہیں جس سے الجھن پیدا ہوگئی ہے۔ تازہ معاملے کے بعد شیو سینا کے اندر گروپ بندی اور تال میل کی کمی کھل کرمنظرعام پر آگئی ہے۔