این آر سی کے نام پر خوف زدہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی: ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شہریوں سے ووٹر لسٹ میں ایک ہی جگہ نام رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ ریاست میں اقتدار میں ہیں نہ این آرسی نافذ ہوگا اور نہ ڈیٹینشن کیمپ لگائے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شہریوں سے ووٹر لسٹ میں ایک ہی جگہ نام رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ ریاست میں اقتدار میں ہیں نہ این آرسی نافذ ہوگا اور نہ ڈیٹینشن کیمپ لگائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ شمالی بنگال کے دورے پر ہیں اور آج کوچ بہار، علی پور دوار، اور جلپائی گوڑی ضلع انتظامیہ کے ساتھ سلی گوڑی کے ریاستی سیکریٹریٹ اتر کنیا میٹنگ کی۔

آسام میں این آر سی کی حتمی فہرست شایع ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پہلی مرتبہ آسام سے متصل اضلاع کے دورے پر ہیں۔لوک سبھا انتخابات میں شمالی بنگال میں ممتا بنرجی کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ممتا بنرجی نے افسران سے کہا کہ بہت ساری مرتبہ ایک ایک ووٹر کے نام کئی جگہوں پر درج ہوجاتے ہیں اس لیے اس کی شناخت کریں۔


ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں این آر سی سے متعلق غلط پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔یہ غلط پروپیگنڈہ ہے۔بنگال میں اس وقت این آر سی نافذ ہونے نہیں جارہا ہے۔اس لیے اس پر خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔میں آپ کی محافظ ہوں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ کوچ بہار، علی پور دواراور جلپائی گوڑی میں این آر سی کے نام پر خوف پھیلاے کی کوشش ہورہی ہے اسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ شہری ترمیمی بل کی بھی حمایت نہیں کریں گی۔اس بل کے ذریعہ پہلے لاکھوں افراد کو غیرملکی قرار دیا جائے گا اور پھر اس کے بعد حکومت کے رحم وکرم پر لوگ ہوجائیں گے۔مذہب کے نام پر تفریق برداشت نہیں کی جائے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ لوگ پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ صرف ممتا بنرجی خلاف ہیں جب کہ ایسا نہیں ہے۔ انسانیت کی بنیاد پر اس پورے مسئلے پر غورکریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔