گاندھی جی کا دوسری بار قتل، حکومت ہندوستانیوں کے ذہنوں سے مہاتما گاندھی کا نام مٹانا چاہتی ہے: پی چدامبرم
پی چدامبرم نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جواہر لعل نہرو کو کئی سالوں سے بدنام کرنے کے بعد اب وہ مہاتما گاندھی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

مرکزی حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے 'ترقی یافتہ ہندوستان، رام جی بل' کو لے کر کانگریس پارٹی مودی حکومت پر حملہ آور ہے۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بل پر شدید اعتراضات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریاستوں کے حقوق اور مہاتما گاندھی کے احترام سے جڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔ کانگریس رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدامبرم نے کہا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کا نام تبدیل کرنا بابائے قوم کے دوسرے قتل کے مترادف ہے۔
منریگا کے تحت حکومت دیہی علاقوں میں 100 دن کے کام کی ضمانت دیتی ہے اور کام نہ ہونے کی صورت میں بے روزگاری الاؤنس بھی فراہم کرتی ہے۔ نئے بل میں 100 دن کی گارنٹی کو بڑھا کر 125 دن کرنے کی تجویز دی گئی ہے، باقی دو شرائط وہی رہیں گی۔
اپوزیشن کا الزام ہے کہ یہ بل صرف نام بدلنے تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ اس سے منصوبہ کے بنیادی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں پی چدامبرم نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، "جواہر لعل نہرو کو برسوں تک بدنام کرنے کے بعد، وہ اب مہاتما گاندھی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ بچے مہاتما گاندھی سے بے خبر رہیں۔ وہ ہندوستان کے لوگوں کی یادوں سے مہاتما گاندھی کا نام مٹانا چاہتے ہیں۔"
بی جے پی نے بدھ یعنی 17 دسمبر کو لوک سبھا میں کہا کہ 'ترقی یافتہ ہندوستان - جی رام جی بل، 2025' ملک میں رام راجیہ لانے اور مہاتما گاندھی کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔