بہار میں تعلیم اور لا اینڈ آرڈر مکمل طور سے تباہ، این ڈی اے حکومت میں ’اندھیر نگری چوپٹ راجا‘ والی صورتحال: کنہیا کمار

کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے کہا کہ ’’بہار کی یونیورسٹیاں بدعنوانی اور بھتہ خوری کا اڈہ بن چکی ہیں۔ طلبا سے ڈگری کے نام پر پیسہ وصول کیا جا رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر کنہیا کمار</p></div>

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر کنہیا کمار

user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے بہار کی تعلیم اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو لے کر این ڈی اے حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے کہا کہ بہار میں ’اندھیر نگری چوپٹ راجا‘ والی حالت ہے۔ جہاں ایک طرف پرنسپلز کی تقرری لاٹری کے ذریعہ ہو رہی ہے، وہیں دوسری جانب مجرموں کا حوصلہ اس قدر بلند ہو گیا ہے کہ آئے دن گولی باری کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

اندرا بھون میں واقع کانگریس ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور این ایس یو آئی کے انچارج کنہیا کمار نے بہار میں لاٹری کے ذریعہ کالج پرنسپلز کی تقرری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمی نظام کا مذاق ہے۔ جب ویمنس کالجز میں بھی مردوں کو پرنسپلز مقرر کیا جا رہا ہے تو یہ عمل صاف طور پر ظاہر کرتا ہے کہ حکومت اپنی مرضی سے اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر کام کر رہی ہے۔


کانگریس لیڈر کنہیا کمار کا کہنا ہے کہ بہار کی یونیورسٹیاں بدعنوانی اور بھتہ خوری کا اڈہ بن چکی ہیں۔ طلبا سے ڈگری کے نام پر پیسہ وصول کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف جہاں پورے ملک میں گریجویشن 3 سال میں ہوتا ہے وہیں بہار میں 5 سال لگ رہے ہیں۔ 4 کمروں والے کالجز میں 40-30 ہزار طلبہ کا داخلہ ہو چکا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ پیسہ دے کر ڈگریاں لی جا رہی ہیں۔ کالجز میں نہ ہاسٹل ہے، نہ لائبریری ہے اور نہ ہی لیبارٹریز ہیں، باقاعدہ کلاسز بھی نہیں چلتیں۔ ساتھ ہی انہوں نے دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال کا مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی چھت گر رہی ہے، مریضوں کو چوہے کاٹ رہے ہیں اور عمارت میں پانی جمع رہتا ہے۔

کانگریس لیڈر نے بہار میں مسلسل ہو رہی گولی باری کے واقعات پر بھی نتیش حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’سوشاسن‘ کے تمام دعووں کے باوجود بہار میں کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب گولیاں نہ چلتی ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ منظم جرائم کا خاتمہ ہو گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پورا جرائم پیشہ گروہ اکٹھا ہوکر خود حکومت میں بیٹھ گیا ہے۔ کنہیا کمار نے کہا کہ بہار میں جو جرائم کی صورتحال ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں پولیس کا اقبال ختم ہو گیا ہے اور ڈبل انجن ایک دوسرے کی مخالف سمت میں چل رہے ہیں۔ اس حکومت کی مکمل توجہ بہار کے لوگوں کو لوٹنا ہے جو کہ نہایت ہی تشویشناک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔