ای ڈی نے شکھر دھون کو کیا طلب، غیر قانونی سٹے بازی ایپ کے معاملے میں ہوگی پوچھ گچھ
ای ڈی پہلے بھی سٹے بازی ایپ معاملے میں کچھ کرکٹروں سے سوالات کر چکی ہے، جن میں سریش رینا کا نام بھی شامل ہے۔ جانچ ایجنسی نے اس معاملے میں گوگل اور میٹا کے نمائندگان کو بھی پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔

سابق ہندوستانی کرکٹر شکھر دھون مشکلوں میں پھنس گئے ہیں۔ ایک غیر قانونی سٹے بازی ایپ سے جڑی منی لانڈرنگ جانچ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی نے انہیں طلب کیا ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے جمعرات کو افسروں کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ ای ڈی اس معاملے میں پہلے بھی کچھ کرکٹروں سے پوچھ گچھ کر چکی ہے، جن میں سابق بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رینا کا نام بھی شامل ہے۔ ای ڈی نے 8 گھنٹے تک رینا سے پوچھ گچھ کرکے ان کا بیان درج کیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی جانچ ایجنسی 1xBet نامی غیر قانونی سٹے بازی ایپ سے جڑی اس جانچ کے حصے کے طور پر پی ایم ایل اے کے تحت شکھر دھون کا بیان درج کرے گی۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ 39 سالہ شکھر دھون کچھ اشتہارات کے ذریعہ اس ایپ سے جڑے ہوئے تھے۔ ای ڈی پوچھ گچھ کے دوران اس ایپ سے ان کے تعلقات کا پتہ لگانا چاہتی ہے۔
ای ڈی نے سریش رینا سے ایپ سے ان کے تعلقات، اس کی تشہیر سے ہوئی کمائی اور دونوں فریقوں کے درمیان مواصلات کے ذرائع کے بارے میں سوالات کیے تھے۔ یہی شکھر دھون کے ساتھ بھی ہونے والا ہے۔ ایجنسی نے اس معاملے میں گوگل اور میٹا کے نمائندگان کو بھی پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔
ای ڈی غیر قانونی سٹے بازی ایپ سے جڑے کئی ایسے معاملوں کی جانچ کر رہی ہے جن پر کئی لوگوں اور سرمایہ کاروں سے کروڑوں روپے ٹھگی کرنے یا بڑے پیمانے پر چوری کرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی حکومت نے ایک قانون لاکر اصلی پیسے والی آن لائن گیمنگ پر پابندی لگا دی ہے۔ ایسے میں اب آگے اس طرح کے ایپس کی نہ کوئی تشہیر ہوگی اور نہ ہی اسے ہندوستان میں جائز طور سے استعمال کیا جا سکے گا۔