ای ڈی نے ’کرناٹک ریاستی وقف بورڈ‘ کے تقریباً 4 کروڑ روپے واپس کیے

ای ڈی نے منی لانڈرنگ معاملہ کی تحقیقات ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھی، جس میں وجیا بینک کے 2 افسران اور وقف بورڈ میں کام کر رہے ایک فرسٹ ڈویژن اسسٹنٹ سید سراج احمد پر سنگین الزام لگے تھے۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ سے منسلک ایک اہم معاملہ میں کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کو 3.82 کروڑ روپے کی رقم واپس کر دی ہے۔ یہ رقم دھوکہ دہی سے نکالی گئی تھی اور اب اسے اصل حقدار کو لوٹا دیا گیا ہے۔ دراصل یہ معاملہ ششیلا چنتا منی اور دیگر کے خلاف چل رہی تحقیقات سے متعلق ہے۔ ای ڈی نے یہ تحقیقات ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھی، جس میں وجیا بینک کے 2 افسران اور وقف بورڈ میں کام کر رہے ایک فرسٹ ڈویژن اسسٹنٹ سید سراج احمد پر سنگین الزام لگے تھے۔

وقف بورڈ نے وجیا بینک میں 2 فکسڈ ڈیپازٹ (ایف ڈی) کھولنے کے لیے 4 کروڑ سے زائد رقم کے 2 چیک جاری کیے تھے۔ لیکن بینک کھاتوں میں ایف ڈی کھولنے کے بجائے یہ رقم فرضی کمپنیوں کے کھاتوں میں ٹرانسفر کر دی گئی۔ اس میں سے 4 کروڑ کی رقم ’ورکیز ریئلٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کو بھیجی گئی، جس نے 1.10 کروڑ کی مرسڈیز کار خریدنے میں خرچ کیے۔ 2.72 کروڑ سے زائد کی رقم ایک دیگر فرم ’اجے شرما ٹریڈنگ کارپوریشن‘ کو ٹرانسفر کر دی گئی۔ پیسوں کی لین دین کی تحقیقات اور منی ٹریل کا پتہ لگانے کے بعد ای ڈی نے 3.82 کروڑ روپے کی جائیدادوں کو ضبط کرتے ہوئے پرووزنل اٹیچمنٹ آرڈر جاری کیا۔ اس کے بعد 31 مارچ 2017 کو ای ڈی نے 6 ملزمان اور اداروں کے خلاف خصوصی پی ایم ایل اے عدالت، بنگلورو میں مقدمہ درج کیا۔


مذکورہ معاملہ پر ای ڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ پوسٹ میں ای ڈی نے لکھا کہ ’’پی او سی (پروسیڈ آف کرائم) کو صحیح دعویداروں کو واپس دلانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کے یکم جولائی 2025 کے حکم کے مطابق ای ڈی بنگلورو زونل آفس نے ششیلا چنتا منی اور دیگر کے معاملے میں جائز دعویدار کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کو 38274444 روپے کی قیمت کی جائیدادیں ریلیز کی ہیں۔‘‘ ساتھ ہی ای ڈی  نے لکھا کہ ’’یہ ریلیز مالی جرائم کے متاثرین کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ای ڈی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔